Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / موجودہ نسل کے کھلاڑیوں میں رافیل نڈال بہترین

موجودہ نسل کے کھلاڑیوں میں رافیل نڈال بہترین

اسپینی اسٹار کی آئندہ برس شاندار واپسی کی امید ۔ سابق ہندوستانی اسٹار وجئے امرت راج
بنگلورو 13 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ برس رافیل نڈال کی ٹینس کورٹ پر شاندار واپسی کی حمایت کرتے ہوئے سابق ہندوستانی ٹینس اسٹار وجئے امرت راج نے آج کہا کہ اسپین کے ٹینس اسٹار ( نڈال ) موجودہ نسل کے کھلاڑیوں میں عظیم ہیں اور وہ جب تک صحتمند رہینگے ناقابل یقین ٹینس کھیلتے رہیں گے ۔ امرت راج نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ نڈال کو زیادہ کچھ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے لندن میں ورلڈ فائنلس تک رسائی حاصل کی تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ جب تک وہ صحتمند رہیں گے اس وقت تک وہ ناقابل یقین ٹینس کھیلتے رہیں گے ۔ وہ آئندہ سال بہت زیادہ طاقتور بن کر میدان پر آئیں گے ۔ یہ ان کا اپنا خیال ہے ۔ امرت راج نے کہا کہ نڈال دنیا کے ٹاپ 5 کھلاڑیوں میں جگہ رکھتے ہیں ۔ وہ اب تک 14 گرانڈ سلام خطاب جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ نڈال میں کوئی خرابی ہے۔ وہ ایک عظیم چمپئن ہیں۔ انہوں نے 14 گرانڈ سلامس خطاب جیتے ہیں۔ وہ دنیا کے ٹاپ پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور انہیں کچھ نہیں ہوا ہے ۔ وہ موجودہ نسل کے ٹینس کھلاڑیوں میں حقیقتا عظیم ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کے ٹینس ناقدین نے حالیہ عرصہ میں نڈال کی کارکردگی پر نظر رکھی ہوئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ اسپینی اسٹار کے کھیل اور گراف میں مسلسل گراوٹ آتی جا رہی ہے ۔ نڈال نے اپنا آخری گرانڈ سلام خطاب 2014 میں فرنچ اوپن سنگلز جیتا تھا ۔ سال 2015 میں انہوں نے کوئی بڑا خطاب نہیں جیتا ہے ۔ انہیں جاریہ سال سب سے حیرت انگیز شکست فرنچ اوپن میں ہی ہوئی تھی جب نواک جوکووچ نے انہیں شکست سے دوچار کردیا تھا ۔ وہ جاریہ سال کے امریکی اوپن ‘ آسٹریلین اوپن اور ومبلڈن سے جلد باہر ہوگئے تھے ۔ آئندہ سال کے امکانی خطابات سے متعلق سوال پر امرت راج نے کہا کہ نواک جوکووچ اس مقابلہ میں سب سے آگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے مقابلوں میں ترجیحی سبقت جوکووچ کو حاصل ہے ۔ اس کے بعد دوسرے سب ہیں۔ ان میں روجر فیڈرر ‘ رافیل نڈال ‘ اینڈی مرے اور اسٹان واورنکا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال سوائے جوکووچ کے کسی نے بھی گرانڈ سلام نہیں جیتا ہے ۔ فرنچ اوپن میں جوکووچ کو صرف واورنکا نے شکست دی ہے ۔ ایسے میں قریبی مقابلہ میں کون ہے اس کا اندازہ سبھی کو بخوبی ہوسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT