Monday , August 21 2017
Home / سیاسیات / مودی ، نفرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی میں ناکام

مودی ، نفرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی میں ناکام

جیٹلی کے بیان میں خاطیوں کیخلاف کارروائی کا تذکرہ نہیں: کانگریس
نئی دہلی ۔ 20 اکٹوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نفرت پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی میں نریندر مودی حکومت پر ناکام ہوجانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہاکہ (منافرت پھیلانے کے ) شرپسند منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے دباؤ ڈالنے کے مقصد سے وہ (کانگریس ) تمام ہمخیال سیکولر جماعتوں کو متحد کریگی ۔ کانگریس کے ایک سینئر ترجمان آنند شرما نے کہاکہ ’’کانگریس ، تمام جمہوری ، سیکولر اور ترقی پسند طاقتوں تک پہونچے گی تاکہ اس شرپسند منصوبہ کو شکست دی جائے‘‘ ۔ آنند شرما نے کہاکہ نریندر مودی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد پیش آئے واقعات گہری تشویش کا باعث ہیں۔ دنیا بھر میں ہندوستان کی نیک نامی کومتاثر کرنے والے تمام عناصر ، اداروں ، تنظیموں اور طاقتوں کیخلاف سخت ترین کارروائی کیلئے اصرار کرتے ہوئے آنند شرما نے کہاکہ غنڈہ گردی کے بارے میں وزیر فینانس ارون جیٹلی کے بیان سے کانگریس ہرگز مطمئن نہیں ہے کیونکہ عدم رواداری و غنڈہ گردی کے انتہائی سنگین رجحان پر جیٹلی کے بیان میں خاطیوں کے خلاف کسی کارروائی کاکوئی تذکرہ ہی نہیں ہے ۔ آنند شرما نے کہاکہ حقیقت تو یہ ہے کہ حکمراں جماعت کے ارکان کے متنازعہ بیانات اور حالیہ واقعات کے بارے میں کسی ایک بھی سخت کارروائی یا ٹھوس قدم اٹھائے جانے کی کوئی مثال نہیں ہے۔ آنند شرما نے وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’انھوں ( مودی ) نے جو کچھ بھی کیا ہے وہ اپنی دستوری و اخلاقی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھا نہیں سکے‘‘ ۔ آنند شرما نے مزید کہاکہ ’’درحقیقت صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم کو اپنا موقف بیان کرنے کیلئے مجبور کردیا ہے ۔ صدر مملکت دو مرتبہ جو کچھ کہہ چکے ہیں وہ ہم سب کو بیدار و چوکس کرنے کیلئے کافی ہیں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT