Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / مودی اور آر ایس ایس کی ’’کمزوروں کو کچلنے ‘‘ کی سیاست

مودی اور آر ایس ایس کی ’’کمزوروں کو کچلنے ‘‘ کی سیاست

راہول گاندھی نے فریدآباد میں متاثرہ دلت خاندان سے ملاقات کی، لالو اور نتیش کمار کی مرکزی حکومت پر شدید تنقید
فریدآباد ؍ پٹنہ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج فریدآباد کا دورہ کرتے ہوئے اُس دلت خاندان سے ملاقات کی جنہیں اعلیٰ ذات کے افراد نے حملے کا نشانہ بنایا اور دو کمسن بچے ہلاک ہوگئے۔ انہوں نے وزیراعظم، چیف منسٹر ہریانہ ، بی جے پی اور آر ایس ایس پر کمزوروں کو ’’کچلنے کی سیاست‘‘ پر چلنے کا الزام عائد کیا، جس کے نتیجہ میں ایسے واقعات پیش آرہے ہیں۔ راہول گاندھی نے متاثرہ خاندان کے ارکان اور دیگر مقامی افراد سے ملاقات کی، واضح رہے کہ اعلیٰ ذات کے افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے دلت خاندان کے گھر کو نذرآتش کردیا تھا جس کی وجہ سے دو بچوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہریانہ میں غریب عوام کیلئے کوئی حکومت نہیں ہے اور یہاں غریب عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے وہ ممکنہ کوشش کریں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس مسئلہ پر سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے برہمی کے عالم میں جواب دیا کہ اگر کوئی ایسی بات کرتا ہے تو وہ دراصل متاثرین کی توہین کررہا ہے۔ ایسا کہنا میری نہیں بلکہ ان (متاثرین) کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سوال کا آخر مطلب کیا ہے جبکہ لوگ مررہے ہیں، وہ اس طرح کے دورہ کرتے رہیں گے۔ اس دوران بہار میں عظیم تر سیکولر اتحاد کے سرکردہ قائدین نتیش کمار اور لالو پرساد یادو نے فریدآباد واقعہ پر این ڈی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ آر جے ڈی صدر لالو پرساد نے ٹوئٹ کیا کہ ’’میں نے مودی سے مخالف دلت کتابوں اور گروگووالکر کو جلانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اپنی حکومت میں انہوں نے دلتوں کو ہی جلانا شروع کردیا۔ ایک اور ٹوئٹ میں لالو نے کہا کہ ریزرویشن برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ اب دلتوں کو زندہ جلایا جارہا ہے کیونکہ تحفظات سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے والے یہی لوگ ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ نے تحفظات کو آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ریمارکس کے پس منظر میں ایک انتخابی موضوع بنادیا تھا۔ بھاگوت نے کہا تھا کہ تحفظات کے موجودہ سسٹم پر نظر ثانی کی جانی چاہئے۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بھی اس واقعہ پر مرکز کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہولناک واقعہ سے انہیں بے حد صدمہ ہوا، انہوں نے کہا کہ وہ لوگ کہاں ہیں جو یہ دعویٰ کرتے تھے کہ ’’ہماری سرکار بنادو ، سب ٹھیک ہوجائے گا‘‘۔ نتیش کمار نے ٹوئٹ کیا کہ دلتوں پر حملے کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ان دونوں قائدین کو بہار میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے سے مقابلہ ہے جہاں دو مراحل کی رائے دہی ہوچکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT