Tuesday , October 24 2017
Home / Top Stories / مودی ‘ ایودھیا میں بابری مسجد دوبارہ تعمیر کریں مسلمان انہیں سونے میں تول دینگے : فاروق گھوسی

مودی ‘ ایودھیا میں بابری مسجد دوبارہ تعمیر کریں مسلمان انہیں سونے میں تول دینگے : فاروق گھوسی

سلطان پور ( اتر پردیش ) 21 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) یعقوب میمن کی بیوہ کو راجیہ سبھا کی رکنیت دینے کے مطالبہ کے چند دن بعد سماجوادی پارٹی کے معطل شدہ لیڈر فاروق گھوسی نے آج کہا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی ایودھیا میں بابری مسجد دوبارہ تعمیر کردیتے ہیں تو ملک کے مسلمان انہیں سونے میں تولیں گے ۔ گھوسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے ابو ظہبی میں مندر کیلئے جگہ کا مطالبہ کیا تھا اور انہیں جگہ دستیاب ہوگئی ہے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کے 20 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے ایودھیا میں بابری مسجد کی دوبارہ تعمیر کا کام شروع کریں ۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو ملک کے مسلمان انہیں سونے میں تولنے کیلئے تیار ہیں۔ گھوسی سماجوادی پارٹی مہاراشٹرا یونٹ کے نائب صدر تھے اور انہوں نے یعقوب میمن کی بیوہ کو راجیہ سبھا کی رکنیت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو کو مکتوب روانہ کیا تھا جس کے بعد انہیں پارٹی سے معطل کردیا گیا تھا ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں گھوسی نے کہا تھا کہ یعقوب میمن کی بیوہ کا ممبئی بم دھماکوں سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد کے افراد خاندان کو بھی دہشت گرد قرار دینا انصاف نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT