Friday , August 18 2017
Home / سیاسیات / مودی حکومت زوال پذیر ہوجانے کی راج ببر کی پیش قیاسی

مودی حکومت زوال پذیر ہوجانے کی راج ببر کی پیش قیاسی

’’دال، دلت ، دادری واقعہ‘‘ زوال کے اسباب، مودی پر دھوکہ دہی کا الزام
ودودرا ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد راج ببر نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ عام آدمیوں کی مشکلات کے بارے میں بے حس ہیں۔ این ڈی اے حکومت کی دھوکہ دہی کا عام آدمی احساس کررہا ہے کیونکہ یہ حکومت اقتدار پر آنے سے قبل جو وعدے کرچکی ہے، ان کی تکمیل سے قاصر ہے۔ ہریانہ میں دلت بچوں کی ہلاکت، دادری میں ہجوم کی جانب سے زدوکوب کے ذریعہ ایک شخص کو ہلاک کردینے اور دال کی فلک بوس قیمتیں مودی حکومت کے زوال کی وجہ بنیں گی۔ راج ببر یہاں آئندہ مجالس مقامی انتخابات کی مہم کے سلسلہ میں یہاں کے دورہ پر تھے۔ مجالس مقامی کیلئے رائے دہی 22 اور 29 نومبر کو مقرر ہے۔ حالیہ بہار انتخابات میں عظیم سیکولر اتحاد کی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہوئے راج ببر نے کہا کہ بی جے پی نے دہلی اور بہار میں انتخابی کامیابی کی تمام چالیں چل کر دیکھ لیں حالانکہ وزیراعظم مودی نے 31 عام جلسوں سے اور صدر بی جے پی امیت شاہ بہار میں قیام کئے ہوئے تھے۔ انتخابی نتائج سے ثابت ہوگیا کہ رائے دہندوں کو مودی کی دھوکہ دہی کی کوشش ناکام ہوچکی ہے۔

 

انہوں نے ترقی کے نام پر جو دھوکے دیئے تھے ان کا پول کھل گیا ہے۔ دہلی کے عوام نے پہلے ہی بی جے پی اور آر ایس ایس کے توسیعی عزائم پر روک لگا دی تھی۔ عوام نے سنگھ پریوار کے فروغ کو معطل کردیا۔ گجرات اسمبلی انتخابات 2017 میں مقرر ہیں اور یہ بی جے پی کے آخری انتخابات ہوں گے۔ این ڈی اے حکومت پر دالوں کی قیمت پر قابو پانے سے ناکام رہنے پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان راج ببر نے کہا کہ آج ہر شخص کو قیمتوں میں اضافہ سے تکلیف ہورہی ہے۔ کوئی بھی دالیں خریدنے کی گنجائش نہیں رکھتا۔ جن کی قیمت اب 200 روپئے فی کیلو گرام ہوگئی ہے۔ انہوں نے مرکز اور حکومت یو پی پر الزام عائد کیا کہ وہ دادری کے زدوکوب کرکے ہلاک کردینے کے واقعہ پر بھی سیاست کررہے ہیں اور سیاسی مفادات کی خاطر عوام میں پھوٹ ڈال رہے ہیں۔ مودی ایک ایسی حکومت چلا رہے ہیں جو ’’سوٹ بوٹ اور لوٹ‘‘ کی سرکار ہے لیکن برسراقتدار آنے کے دیڑھ سال بعد سماج کے ہر طبقہ کا احساس ہیکہ قول اور عمل کے سلسلہ میں ان سے دھوکہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو ’’اداکار‘‘ قرار دیتے ہوئے راج ببر نے کہا کہ فلمی صنعت میں کئی اداکار ہیں جو مودی سے بھی زیادہ بڑے ہیں لیکن فلمی صنعت کے اداکار دیانتدار افراد ہیں۔ وزیراعظم کو عام آدمی کے مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔ یہ صورتحال بہتر جلد بہتر ہوجائے گی کیونکہ کانگریس 2017ء کے یوپی اسمبلی انتخابات میں تازہ طاقت کے ساتھ ابھرے گی اور گجرات اسمبلی انتخابات میں بھی اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک کی واحد پارٹی ہے جو مساوات اور سماجی انصاف کی بات کرتی ہے اور خود کو بی جے پی کی طرح علاقائی یا فرقہ وارانہ سیاست میں ملوث نہیں کرتی۔

TOPPOPULARRECENT