Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مودی حکومت میں ملک کے سیکولرازم کو خطرہ

مودی حکومت میں ملک کے سیکولرازم کو خطرہ

آر ایس ایس نظریات سے چھٹکارا دلانا ضروری ، تیستاستیلواد کا بیان
حیدرآباد۔7 جون (سیاست نیوز) مودی کا گجرات ماڈل اب ملک بھر میں کام کرنے لگا ہے اور یہ بتدریج قومی ماڈل میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔ محترمہ تیستا سیتلواد نے شہر میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ محترمہ تیستا سیتلواد نے بتایا کہ ملک کو آر آر ایس کے نظریات سے محفوظ رکھتے ہوئے سیکولر ازم کے استحکام کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے کیونکہ فاشسٹ قوتیں ملک کو ہندوتوا کے نام پر برباد کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جس طرح گجرات میں فساد متاثرین کی فائلیں اور متعلقہ دستاویزات غائب ہوا کرتے تھے اب وہ ملک بھر میں ہونے لگا ہے۔ مالیگاؤں دھماکوں میں سادھوی کو ضمانت اور خود ان کے مقدمہ کے دستاویزات لا پتہ ہونے کے معاملہ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست گجرات میں جس طرح سازشوں کے ذریعہ دستاویزات کو غائب کیا جاتا رہا ہے اسی طرح اب ملک میں کیا جا رہا ہے۔ محترمہ تیستا سیتلواد نے کہا کہ گلبرگ سوسائٹی مقدمہ میں جن لوگوں کو بری کروایا گیا ہے وہ محض ایک شخص کو بچانے کیلئے اتنے لوگوں کی براء ت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں جو کچھ ہوا اس میں کچھ حد تک انصاف کے حصول کیلئے کوششیں تو  ہو رہی ہیں لیکن ملک کی تاریخ میں کئی ایسے فسادات ہیں جن میں متاثرین کیلئے انصاف کی آواز تک نہیں اٹھائی گئی۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ اداروں میں بیرونی سرمایہ کاری اور کارپوریٹ میڈیا کے نظریہ کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ ہندستانی ذرائع ابلاغ اداروں میں کارپوریٹ اداروں کی سرمایہ کاری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ ادارے اپنی ذمہ داریوں کو فراموش کرنے لگے ہیں اور عوام کے حقیقی مسائل سے فرار اختیار کرتے ہوئے کارپوریٹ مفادات کے تحفظ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ہم اس ملک میں ایک سال گزرنے کے بعد بھی دادری واقعہ میں اخلاق کے گھر سے برآمد ہونے والے گوشت پر بحث کر رہے ہیں جبکہ اس واقعہ میں ایک شخص کو پیٹ کر مار ڈالا گیا۔ تیستا سیتلواد نے بتایا کہ زعفرانی طاقتیں ملک کو تباہ کرنے کے در پہ ہیں وہ اس ملک سے گاندھی کے نظریات کو ختم کرتے ہوئے ایک مخصوص نظریہ فروغ دینا چاہتی ہیں۔ محترمہ تیستا سیتلواد پناش کی جانب سے منعقدہ نالج گیٹ پروگرام میں حصہ لے رہی تھیں اس موقعہ پر جناب اسلم خان کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں موجود تھیں۔

TOPPOPULARRECENT