Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / مودی حکومت میں کرپشن کیخلاف ملک گیر مہم

مودی حکومت میں کرپشن کیخلاف ملک گیر مہم

بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا ‘ سی پی آئی لیڈر ایس سدھاکر ریڈی
حیدرآباد 27 اگسٹ (سیاست نیوز) ملک میں وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت میں بڑے پیمانے پر جاری کرپشن کے خلاف عوام میں شعور پیدا کرنے کے مقصد سے قومی سی پی آئی نے ملک گیر مہم منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز آئندہ ماہ 15 ستمبر سے ہوگا جوکہ ایک ماہ تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران مودی کی زیرقیادت حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرامس بھی منظم کئے جائیں گے۔ ایس سدھاکر ریڈی قومی جنرل سکریٹری سی پی آئی نے یہ بات بتائی اور کہاکہ سی پی آئی کی قومی عاملہ کے منعقدہ اجلاس میں مذکورہ پروگرام کا فیصلہ کیا گیا۔ انھوں نے ملک میں سنسنی پھیلانے والے پناما پیپرس سے متعلق مکمل تفصیلات پر مبنی وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔ سدھاکر ریڈی نے اس موقع پر ریاستی حکومت کو بھی اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ اپنے کسی اعلان یا وعدوں کو آج تک پورا نہیں کرسکے بلکہ صرف زبانی جمع خرچ تک ہی محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم اسکیم کا صرف اعلان کے کافی شہرت حاصل کی لیکن اس اسکیم پر عملی اقدامات کو عملی جامہ پہنانے میں چیف منسٹر کے سی آر ناکام ثابت ہوئے۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ چونکہ اب انتخابات قریب آرہے ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر اپنے وزراء اور ارکان اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں کم از کم ڈبل بیڈ روم اسکیم کیلئے سنگ بنیاد تقاریب منعقد کرکے عوام کو واقف کروائیں تاکہ عوام آئندہ دنوں میں مکانات کے حصول کی توقع کے ساتھ ٹی آر ایس کو ووٹ دیں۔

 

TOPPOPULARRECENT