Thursday , October 19 2017
Home / سیاسیات / ’مودی حکومت چلانے کیلئے کام کریں ‘ بہانے بنانا وزیراعظم کا کام نہیں ، راہول گاندھی کا بیان

’مودی حکومت چلانے کیلئے کام کریں ‘ بہانے بنانا وزیراعظم کا کام نہیں ، راہول گاندھی کا بیان

نئی دہلی ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے آج گاندھی خاندان کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد جارحانہ تیور اپناتے ہوئے راہول گاندھی نے جوابی وار کیا۔ راہول نے مودی سے کہا کہ ’’وزیراعظم کا کام محض بہانے بنانا نہیں ہے‘‘ اور انہیں چاہئے کہ وہ ملک چلانے کا کام شروع کریں۔ کانگریس کے نائب صدر کے یہ ریمارکس 23 فبروری کو شروع ہونے والے پارلیمانی بجٹ سیشن سے قبل منظرعام پر آئے ہیں جس سے یہ اشارہ واضح ہوگیا ہیکہ اصل اپوزیشن جماعت مختلف مسائل پر این ڈی اے حکومت سے متصادم ہوگی۔ وزیراعظم مودی کی جانب سے آسام میں خطاب کے دوران گاندھی خاندان کو پارلیمنٹ کارروائی معطل کرنے کیلئے موردالزام ٹھہرایا تھا جس کے جواب میں راہول گاندھی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیراعظم کا کام حکومت چلانا ہوتا ہے، وزیراعظم کا کام محض حیلے بہانے بنانا نہیں ہوتا‘‘۔ مودی پر مزید تنقید کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ ’’وزیراعظم نے گذشتہ 18 ماہ کے دوران اگر کچھ کیا ہے تو بس بہانہ بازی بھی کی ہے اور اس وجہ سے ہی معیشت مستحکم نہیں ہورہی ہے اور کسانوں کو مستحقہ فائدہ حاصل نہیں ہورہا ہے اور مزدوروں کو وہ سب کچھ حاصل نہیں ہورہا ہے جو انہیں حاصل ہونا چاہئے‘‘۔ راہول نے مزید کہا کہ ’’ہندوستان نے نریندر مودی کو محض بہانے بنانے کیلئے منتخب نہیں کیا ہے۔ ہندوستان نے ایک لیڈر کا انتخاب کیا اور لیڈر کو بہانہ بازی نہیں کرنا چاہئے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT