Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / مودی کا ویزا مسئلہ سے گریز افسوسناک : آنند شرما

مودی کا ویزا مسئلہ سے گریز افسوسناک : آنند شرما

نئی دہلی، 20 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے آنند شرما نے آج کہاکہ امریکہ کی جانب سے H-1 ویزایافتہ ہندوستانیوں کے ارکان خاندان کو ویزا نہیں دیا جا رہا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر کے جاری مشترکہ بیان میں اس کا کوئی ذکر نہ کیا جانا افسوسناک ہے۔ تاہم وزیر خارجہ سشما سوراج نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ H-1 ویزا یافتگان کے ارکان خاندان کا ویزا ختم نہیں ہوا ہے ۔مسٹر شرما نے آج راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ ہندستانی آئی ٹی پیشہ ور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں لیکن امریکی حکومت نے اب H-1B ویزا یافتگان کے ارکان خاندان کو ویزا نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم حال ہی امریکہ کے دورہ پر گئے تھے اور اس دوران امریکہ کے صدر اور ان کا مشترکہ بیان جاری ہوا تھا، جس میں اس کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔ حکومت کو اس سلسلے میں سنجیدگی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستانی آئی ٹی پیشہ ور امریکی معیشت میں تعاون کر رہے ہیں اور وہاں روزگار بھی پیدا کر رہے ہیں۔بعدازاں وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج راجیہ سبھا میں ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ امریکہ میں نوکری کرنے والے ہندوستانیوں کیلئےH-1B ویزا دیتے وقت ان کی بیوی یا ان کے شوہر کو ویزا دینے کا ضابطہ ختم کردیا گیا ہے ۔ سوراج نے انا ڈی ایم کے کے وی میترین کے H-1B ویزا سے متعلق کانگریس کے آنند شرما کے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے یہ وضاحت کی۔

TOPPOPULARRECENT