Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / مودی کسی بھی صورت میں بہار میں کامیابی کے خواہاں

مودی کسی بھی صورت میں بہار میں کامیابی کے خواہاں

PATNA, SEP 15 (UNI);- Bihar Chief Minister Nitish Kumar (L) greets senior BJP leader Shahnawaz Hussain(R) during 'Panchayat Aaj Tak Bihar Election', a program on the upcoming Bihar elections, in Patna on Tuesday. UNI PHOTO -92U

دہلی شکست کے بعد مایوسی کا شکار ، توسیع پسندانہ منصوبہ کو ناکام بنانے کا عہد : نتیش
پٹنہ ۔15 ستمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی دہلی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد مایوس ہوچکے ہیں اور وہ کسی بھی صورت میں بہار اسمبلی انتخابات میں کامیابی چاہتے ہیں لیکن اُنھیں اس مقصد میں کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ نتیش کمار نے ٹی وی چیانل کو بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی دہلی میں شکست کے بعد مایوس ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی قیمت میں بہار انتخابات میں کامیابی حاصل کی جائے لیکن اُن کے توسیع پسندانہ منصوبہ کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ نتیش کمار نے کہاکہ وزیراعظم کے خلاف اُن کی کوئی شخصی لڑائی نہیں ہے لیکن وہ جس انداز میں انتخابی مقابلہ کررہے ہیں اور جس طرح کا طرزعمل اختیار کئے ہوئے ہے وہ کسی اعلیٰ عہدہ پر فائز شخصیت بالخصوص وزیراعظم کیلئے موزوں نہیں ۔ بہار اسمبلی انتخابات کو نریندر مودی اور نتیش کمار کے مابین لڑائی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے اور دونوں اپنے اپنے گروپ کے کپتان ہیں۔ بہار میں پانچ مراحل پر مشتمل انتخابی عمل 12 اکٹوبر سے شروع ہورہا ہے ۔ نتیش کمار نے نریندر مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اُن کے طرز عمل ، بات کرنے کے طریقہ کار کو دیکھئے ؟ اُن کی تقریر کا بغور جائزہ لیجئے ! وہ دہلی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک شکست کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ انھوں نے کہاکہ ایک ایسے شخص سے کیا توقع کی جاسکتی ہے

 

جس کا پس منظر کسی جدوجہد آزادی سے مربوط نہیں رہا۔ انھوں نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ مرکز میں ایک ایسی جماعت کو اقتدار حاصل ہوا جس کی سرپرست تنظیم آر ایس ایس ہے اور اس آر ایس ایس کا ملک کی تحریک آزادی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ مرکز میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد بی جے پی دیگر ریاستوں میں بھی اقتدار پر قابض ہونے کی حریص بن گئی ہے ۔ سینئر جنتادل (یو) لیڈر نے کہاکہ بی جے پی کا یہ لالچ بڑھتی جارہی ہے ۔ کانگریس کا بھی پہلے یہی رویہ تھا لیکن جنتا پارٹی تحریک نے اُسے زبردست دھکہ پہنچایا ۔ نتیش کمار نے جنھیں عظیم تر سکیولر اتحاد کا چیف منسٹر نامزد کیا گیا ہے کہا کہ وہ ماضی میں انجام دیئے گئے کاموں کی بنیاد پر عوام سے رجوع ہوں گے ۔ ٹی وی پروگرام میں چیف منسٹر نے اُن کی حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم ، توانائی ، روڈس اور زراعت میں انجام دیئے گئے کاموں کی تفصیلات بتائی ۔ انھوں نے مستقبل کیلئے اپنے ویژن کا اعادہ کیا اور کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ کے ساتھ ساتھ وہ 2.7 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ واضح رہے کہ بہار میں انتخابی مہم شدت اختیار کرگئی ہے اور عظیم تر سیکولر اتحاد کے علاوہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے نے نشستوں کی تقسیم کو قطعیت دیدی لیکن دونوں گروپس میں بھی اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT