Monday , September 25 2017
Home / سیاسیات / مودی کی امید اور نتیش ۔ لالو کی مایوسی کا مقابلہ

مودی کی امید اور نتیش ۔ لالو کی مایوسی کا مقابلہ

این ڈی اے کے تحفظات پالیسی پر نظرثانی کی توقع : جے ڈی یو ایم پی
نئی دہلی ۔ 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار انتخابات کو ’’امید اور ناامیدی‘‘ کا مقابلہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ نتیش کمار اور لالو پرساد نے اس لئے اتحاد کرلیا ہے تاکہ نریندر مودی کو اس ریاست کو ترقی دینے سے روکا جاسکے۔ مرکزی وزیر و بی جے پی کے سینئر قائد روی شنکر پرساد نے کہا کہ بہار انتخابات صرف دو مسائل پر لڑے جارہے ہیں اور یہ ہیں امید اور مایوسی کا مقابلہ۔ نتیش کمار اور لالو پرساد مایوس ہیں جبکہ نریندر مودی پرامید ہیں۔ لالو پرساد واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ نریندر مودی کو روکنے کیلئے نتیش کمار سے اتحاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی بہار کی ترقی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے 1.25 لاکھ کروڑ روپئے کے پیاکیج کا اعلان کیا ہے۔ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کا عظیم سیکولر اتحاد کے ساتھ بہار انتخابات میں سخت مقابلہ ہے۔ اس اتحاد میں جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس شامل ہیں۔ رائے دہی 5 مرحلوں پر مشتمل ہے جو جاری ہے۔ انتخابی نتائج کا اعلان 8 نومبر کو کیا جائے گا۔ دریں اثناء وزیراعظم نریندرمودی کے موقف کو دیگر پسماندہ طبقات اور ایس سی ؍ ایس ٹی کے بارے میں تحفظات پالیسی پر نظرثانی کی توقع ظاہر کرتے ہوئے جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ پون ورما نے کہا کہ موہن بھاگوت دو دن قبل گورکھپور میں کہہ چکے ہیں کہ موجودہ تحفظات پالیسی پر ایک غیر سیاسی ادارہ نظرثانی کرے گا اور تحفظات کی مدت کا تعین بھی کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT