Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / مودی کی طرف سے رمضان کی مبارکباد! اب یوگی افطار نہ دے کر روایت توڑیں گے

مودی کی طرف سے رمضان کی مبارکباد! اب یوگی افطار نہ دے کر روایت توڑیں گے

نئی دہلی /لکھنو ۔ 14جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے پہلی مرتبہ مسلمانوں کو رمضان کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔اس کیلئے انہوں نے اپنے ریڈیو پروگرام’’ من کی بات ‘‘کو استعمال کیا اور ملک کی سب سے بڑی اقلیت کو مقدس ماہ رمضان کی مبارکباد پیش کی ۔ تاہم اترپردیش میں مودی کے پسندیدہ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ یوگی ایسا لگتا ہے کہ اپنی سرکاری قیام گاہ 5کالی داس مارگ پر اس مرتبہ افطار پارٹی کا اہتمام نہیں کریں گے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے کہ وہ دوسرے بی جے پی چیف منسٹر ہوجائیں گے جب کہ رام پرکاش گپتا نے افطار پارٹی کی میزبانی سے گریز کیا تھا ۔ اس سے قبل بی جے پی کے سرکردہ قائدین جیسے اٹل بہاری واجپائی ‘ راجناتھ سنگھ اور کلیان سنگھ نے اپنی سرکاری قیام گاہوں پر رمضان میں افطار پارٹیاں منعقد کرائی ہیں ‘ لیکن لکھنو میں اس مرتبہ موجودہ چیف منسٹر کی جانب سے افطار پارٹی کی میزبانی کا امکان نظرنہیں آتا ہے ۔

 

مودی اور یوگی کیخلاف قابل اعتراض ریمارکس
مظفر نگر میں ایک شخص گرفتار ، دیگر 2 ملزمین مفرور
مظفر نگر ۔ 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف سوشیل میڈیا پر مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کئے جانے پر ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔ میرٹھ زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) آنند کمار نے کہا کہ سونو کو گزشتہ شب مظفر نگر ضلع کے برکازی ٹاؤن میں اس کے گھر سے پکڑا گیا اور اس کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ قبل ازیں بی جے پی کے کارکنوں نے سوشیل میڈیا پر اس پوسٹ پر برہمی کے ساتھ میرٹھ میں احتجاج کرتے ہوئے خاطی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ذبیحہ گاؤ سے متعلق مرکز کے اعلامیہ کے ضمن میں ملزم سونو نے واٹس ایپ گروپ پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا جس میں اس (سونو) کو مودی اور یوگی کے خلاف قابل اعتراض ریمارکس کرتا دیکھا گیا تھا۔ اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں اس قسم کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ سیول لائینس علاقہ میں ہفتہ کو ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس نے یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ جمعہ کو کھٹولی ٹاؤن میں ایک اور شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ یہ دونوں مفرور ہیں۔

TOPPOPULARRECENT