Sunday , August 20 2017
Home / عرب دنیا / مودی کی طیب اردغان اور شاہ سلمان سے ملاقاتیں

مودی کی طیب اردغان اور شاہ سلمان سے ملاقاتیں

دہشت گردی و دیگر امور پر تبادلہ خیال ۔ صدر بارک اوباما سے باہمی ملاقات نہ ہوسکی
انطالیہ 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان کے علاوہ ترکی کے صدر رجب طیب اردغان سے جی 20 چوٹی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی اور دہشت گردی سے مقابلہ کے علاوہ دوسرے باہمی مسائل پر بات چیت کی ۔ تاہم ان کی صدر امریکہ بارک اوباما سے ملاقات نہیں ہوسکی ۔ مودی نے پہلے چوٹی کانفرنس کے میزبان اردغان سے ملاقات کرکے دہشت گردی سے درپیش خطرات اور ان سے نمٹنے کیلئے دونوں ملکوں کے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا ۔ اردغان کے ساتھ مودی نے معاشی تعاون ‘ بشمول میک ان انڈیا اور اسمارٹ سٹی جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ سوروپ نے کہا کہ اقوام متحدہ اصلاحات ‘ سیول نیوکلئیر تعاون اور خلائی شعبہ میں تعاون کے علاوہ زرعی ریسرچ کے مسئلہ پر بھی دونوں قائدین کی بات چیت ہوئی ۔ مودی نے اس کے بعد اسپین کے وزیر اعظم ماریانو راجوئے سے بھی ملاقات کی اور دہشت گردی کے مسئلہ پر بات چیت کی ۔ وزیر اعظم نے اس ملاقات کو بھی ثمر آور قرار دیا ۔ انہوں نے شاہ عبداللہ سے اپنی ملاقات کے تعلق سے ٹوئیٹ کیا کہ مشرق وسطی کے ایک اہم دوست ملک کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی ہے ۔ سوروپ نے سعودی عرب کو خلیج میں ہندوستان کا اہم شریک قرار دیا اور انہوں نے دونوں قائدین کی ملاقات کی تاصویر بھی پیش کیں ۔ تاہم نریندر مودی کی آج بارک اوباما سے کوئی ملاقات نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ مودی اور اوباما نے جی 20 چوٹی کانفرنس کے کئی ورکنگ سشنس میں شرکت کی اور وہ اردغان کی جانب سے منعقدہ عشائیہ میں بھی شریک تھے لیکن ان کی باہمی ملاقات نہیں ہوسکی ۔

TOPPOPULARRECENT