Sunday , May 28 2017
Home / شہر کی خبریں / مودی کی نوٹ بندی، کے سی آر کی زبان بندی

مودی کی نوٹ بندی، کے سی آر کی زبان بندی

کرنسی بحران پر پیر کو ریاست بھر میں ’یوم برہمی ‘۔ اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/23نومبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم کی نوٹ بندی اور چیف منسٹر کے سی آر کی زبان بندی سے عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے 28 نومبر کو ریاست بھر میں ’’ یوم برہمی ‘‘ منانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کارکنوں کو بینکوں کی قطاروں میں ٹھہرنے والے عوام کی مدد کرنے اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم چلانے کی ہدایت دی۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اضلاع صدور اور کانگریس کی محاذی تنظیموں کے صدور کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر 500 اور 1000 روپئے کی کرنسی بند کرنے کے نتیجہ میں عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 15 دن کے بعد بھی عوامی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں بلکہ اس میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ مرکزی حکومت اس فیصلہ کو عملی شکل دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا دھن کو ختم کرنے کے معاملہ میں کانگریس ہمیشہ مرکز سے تعاون کرے گی لیکن اس کے لئے عوام کو پریشان کرنے کا طریقہ کار غلط ہے۔ وزیر اعظم نے انتخابی مہم میں ہر شہری کے بینک کھاتہ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا اور اقتدار ملتے ہی عوام کے پاس موجود رقم چھینی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس فیصلہ سے سارے ملک میں افراتفری کا ماحول ہے اور ملک کی معیشت تباہ ہوگئی اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ بھی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد خاموش ہوگئے ہیں۔ وہ عوامی مسائل کو نظر انداز کررہے ہیں اور غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے میں بھی وہ ناکام ہوگئے ہیں اس کے برعکس خود اپنے لئے 40 کروڑ روپئے کے مصارف سے عالیشان بلٹ پروف مکان تعمیرکرلیا ہے۔
پاسپورٹ آفس پر ڈی ڈی قابل قبول
حیدرآباد۔/23نومبر، ( این ایس ایس ) ریجنل پاسپورٹ آفیسر مس اشونی نے مطلع کیا ہے کہ وزارت امور خارجہ سے موصولہ ہدایات کے مطابق کرنسی بند کرنے کی پالیسی کے پیش نظر پاسپورٹ ایکٹ 1967 کے تحت درخواست گزار پر عائد ہونے والے مالیاتی جرمانے اور نقد ادائیگی بشکل ڈیمانڈ ڈرافٹ (ڈی ڈی ) وصول کئے جائیں گے۔ ڈی ڈی کسی بھی شیڈول بینک سے جاری کردہ ہو  اور بحق ’ دی پاسپورٹ آفیسر ‘ قابل ادا ئیگی متعلقہ ریجنل پاسپورٹ آفس ہونا چاہیئے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT