Wednesday , August 23 2017
Home / سیاسیات / مودی کے اجتماعی ترقی کے ایجنڈہ کا دنیا بھر میں اعتراف : شاہ

مودی کے اجتماعی ترقی کے ایجنڈہ کا دنیا بھر میں اعتراف : شاہ

نئی دہلی 4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ سعودی عرب اور اس موقع پر انہیں وہاں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اعلی ترین سیویلین اعزاز پیش کئے جانے پر کہا کہ یہ در اصل اجتماعی ترقی کے حکومت کے ایجنڈہ کا حصہ ہے جس کا مسلم دنیا میں بھی اعتراف کیا جا رہا ہے ۔ امیت شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ساری قوم کیلئے فخر کی بات ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے اصول کو ساری دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے اور اس کی ستائش ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کی جغرافیائی سیاست میں انتہائی اہمیت کا حامل ملک اور یہاں اسلام کی دو مقدس ترین مساجد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ثقافتی امور میں سعودی عرب کی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو جو اعزاز دیا گیا ہے وہ در اصل این ڈی اے حکومت کی بہترین اور ترقی پسندانہ خارجہ پالیسی کا اعتراف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ہمیشہ ہندوستان کی کثرت میں وحدت میں یقین رکھتے ہیں اور وہ ہندوستان کو 21 ویں صدی کا معاشی سوپر پاور بنائیں گے ۔ انہوں نے مودی کے دورہ اور ایوارڈ کی پیشکشی کو تاریخی دورہ اور تاریخی نتیجہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ کے موقع پر نہ صرف معاشی اور عوام تا عوام تعلقات کو وسیع تر بنانے کیلئے جامع بات چیت نہ صرف ہندوستان و سعودی عرب کے مابین ہوئی ہے بلکہ ساری دنیا بھی اس کا حصہ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا دورہ سعودی عرب اس بات کو بھی ظاہر کرتا ہے کہ وہ مغرب ایشیا میں تعلقات کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے ورکرس ریسیڈنشیل کامپلکس کے مودی کے دورہ کا حوالہ بھی دیا ۔

TOPPOPULARRECENT