Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / مودی کے پاس لوک پال جیسے اداروں کا کوئی احترام نہیں

مودی کے پاس لوک پال جیسے اداروں کا کوئی احترام نہیں

چندرا بابو نائیڈو کا امیج بھی پاک صاف نہیں ۔ کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ کا الزام
وجئے واڑہ 9 اپریل ( پی ٹی آئی ) کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس لوک آیوکت اور لوک پال جیسے اداروں کیلئے کوئی احترام نہیں ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے یو پی اے کے دور اقتدار میں لوک پال کیلئے احتجاج کیا تھا اب تک انہوں نے لوک پال کے قیام کیلئے کوشش شروع نہیں کی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ لوک پال قائم کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ لوک آیوکت یا لوک پال کیلئے نریندر مودی کے پاس کوئی احترام نہیں ہے ۔ گجرات کے چیف منسٹر کی حیثیت سے 12 سال کے دوران انہوں نے لوک آیوکت تک قائم نہیں کیا تھا ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کی شبیہہ بھی پاک صاف نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نائیڈو نے دارالحکومت کے قیام کے نام پر ضرورت سے 30 گنا زیادہ اراضی حاصل کرلی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس لیڈر جگن موہن ریڈی پر تنقید کیلئے نائیڈو کو نشانہ بناتے ہوئے ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ خود نائیڈو کا امیج صاف نہیں ہے ۔ پارلیمنٹ میں جی ایس ٹی بل کی منظوری کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ نئے قانون کے تحت تاجروں اور تجارتی برادری کو اب زیادہ نشانہ بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی میں یہ تجویز تھی کہ ایک ٹیکس ‘ ایک شح کا نظام لاگو کیا جائے لیکن نئے قانون میں چھ نئی شرحیں ہیں۔ تاجروں کو چار ٹیکس ریٹرنس ہر سال داخل کرنے تھے لیکن اب انہیں 37 ریٹرنس داخل کرنے ہونگے ۔ اس سے تاجروں او ر تجارتی برادری کو ہراسانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس حکام کو دھاوے کرنے کیلئے غیر محدود اختیارات دیدئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صرف ایک کمشنر رینک کے عہدیدار کو دھاوے کرنے کا اختیار تھا لیکن اب نئے فینانس بل کے تحت کم سطح کے عہدیداروں کو بھی دھاوے کرنے کیلئے غیر محدود اختیارات دیدئے گئے ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ آندھرا پردیش امور کے نگران بھی ہیں۔ وہ ریاست کے دو روزہ دورہ پر ہیں ۔ انہوں نے یہاں کانگریس رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کل شرکت کی اور آج انہوں نے ایگزیکیٹیو کمیٹی اجلاس میں شرکت کی ۔ پردیش کانگریس کے صدر این رگھو ویرا ریڈی ‘ نائب صدر ناندیندلہ منوہر ‘ سابق مرکزی وزرا اور دوسرے قائدین نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT