Friday , August 18 2017
Home / سیاسیات / مودی ۔ امیت شاہ کیخلاف اڈوانی کی بغاوت میں شدت

مودی ۔ امیت شاہ کیخلاف اڈوانی کی بغاوت میں شدت

بہار اسمبلی انتخابات میں شرمناک ناکامی اور اعلیٰ سطحی قیادت کے رویہ پر ردعمل
نئی دہلی ۔ /11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک شکست پر پارٹی کے صدر امیت شاہ اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والے سینئر بی جے پی قائدین گزشتہ روز اپنے سخت بیان پر بی جے پی کی جوابی وضاحت سے مطمئین نہیں ہوئے ہیں اور اس شکست پر پارٹی میں مباحث کی توقع کررہے ہیں اس کے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اندرون دو یوم بحث شروع نہ کئے جانے کی صورت میں وہ اپنے طورپر کوئی سخت قدم اٹھائیں گے ۔ بی جے پی میں بڑھتے ہوئے اختلافات کا انکشاف ایک خانگی ٹیلی ویژن چیانل نے بی جے پی کے باوثوق ذرائع کے حوالہ سے کیا ۔ بی جے پی کے چار سینئر قائدین ایل کے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی ، شانتا کمار اور یشونت سنہا نے کل شام جاری کردہ سخت الفاظ پر مشتمل بیان میں مودی اور شاہ کو نام لئے بغیر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔

انہوں نے کہا تھا کہ بہار میں بی جے پی کی شکست کو اجتماعی ذمہ داری قرار دینے کا مطلب دراصل ذمہ داری کو گھٹادینے کے مترادف تھا کیونکہ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوگ ذمہ داری سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں جو کامیابی کی صورت میں سارا کریڈٹ اپنے سر لئے ہوئے تھے ۔ ذرائع نے این ڈی ٹی وی سے کہا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈرس اور مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ ، وینکیا نائیڈو اور نتن گڈکری کے وضاحتی بیان سے اڈوانی ، جوشی، شانتا کمار اور یشونت سنہا مطمئن نہیں ہیں ۔ سینئر قائدین اب محض بیانات سے مطمئن نہیں ہوں گے بلکہ بہار میں شکست پر بی جے پی میں غور و بحث کی توقع کرتے ہیں ۔ اگر اندرون دو یوم بات چیت نہیں کی جاتی تو یہ سینئر لیڈر مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں  فیصلہ کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT