Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / موسی ندی کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے 1665 کروڑ روپئے کے مصارف

موسی ندی کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے 1665 کروڑ روپئے کے مصارف

بلدی نظم ونسق اور موسی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد۔/9اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ موسی ندی کی ترقی اور خوبصورتی پر 1665 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ آج سکریٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں کے ٹی آر نے محکمہ بلدی نظم و نسق اور موسی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے موسی ندی کی ترقی اور خوبصورتی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ دو پیاکیجس کے تحت موسی ندی کو ترقی دینے اور خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر 1665 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے کے پیاکیج پر 956 کروڑ اور دوسرے مرحلے کے پیاکیج پر 709 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ ان ترقیاتی کاموں کیلئے جہاں بجٹ سے 300کروڑ روپئے حاصل کئے جائیں گے وہیں ماباقی فنڈز بینکوں اور دوسرے مالیاتی اداروں سے حاصل کئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ فنڈز حاصل کرنے کیلئے حکومت نے منظوری دے دی۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت نے اس سلسلہ میں ایک جی او بھی جاری کردیا ہے۔ موسی ندی کو خوبصورت بنانے کیلئے عہدیداروں نے حال ہی میں گجرات کا دورہ کرتے ہوئے دریائے سابرمتی کے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا ہے۔ سابرمتی ندی کے طرز پر موسی ندی کو ترقی دینے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ موسی ندی کی ترقی اور خوبصورتی پر ماہر عہدیدار اپنا کام کررہے ہیں اور تعمیری پلان تیار کیا جارہا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے تعمیری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔حکومت نے بھی تمام منظوریاں دی ہیں۔ اس موقع پر سکریٹری بلدی نظم و نسق نوین متل کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT