Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / موصل میں عراقی فورس کی نمایاں پیشرفت

موصل میں عراقی فورس کی نمایاں پیشرفت

شہر کے تیسرے برج اور یونیورسٹی کے نصف کیمپس پر کنٹرول

موصل ۔ /14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عراقی فوج نے آئی ایس کے خلاف کئی ماہ سے جاری سست پیش رفت کے بعد آج موصل کے ایک بڑے حصہ پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ سرکاری فوج نے مشرقی حصے میں واقع تیسرے برج پر آج قبضہ کرلیا اور موصل یونیورسٹی میں کئی عمارتوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ عراقی فوج کی جاری کارروائی پر نظر رکھنے والے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ آئی ایس جنگجوؤں نے  2014 ء میں موصل پر قبضہ کیا تھا اور عراق و شام کے کئی علاقوں پر کنٹرول کے بعد یہاں نظام خلافت کے قیام کا اعلان کیا تھا ۔ شہر کے سنٹرل بینک ، ٹیکس ادا کرنے والے عوام پر قابو اور اطراف و اکناف کے تیل کے کنوؤں پر قبضے نے آئی ایس کو دنیا کا دولت مند ترین دہشت گرد گروپ بنادیا تھا ۔ وہ اب بھی موصل کو ایک اہم مرکز کے طور پر استعمال کررہے تھے لیکن عراقی فوج کی کارروائی کے بعد ان کی سرگرمیاں چند حلقوں تک محدود رہ گئی ہے ۔ عراقی فوج کا اب شہر کے 5 برجس کے منجملہ 3 پر کنٹرول ہوچکا ہے ۔ اتحادی فوج نے آئی ایس کو یکا و تنہا کرنے اور انہیں رسد پہونچانے والے راستوں سے محروم کرنے کیلئے برجس کو بمباری کا نشانہ بنایا ۔ موصل یونیورسٹی کے نصف سے زائد کیمپس پر اب عراقی فوج کا کنٹرول ہے ۔ آج بھی یہاں سخت مزاحمت کے بعد عراقی فورسیس یونیورسٹی میں داخل ہونے میں کامیاب رہی ۔

TOPPOPULARRECENT