Friday , May 26 2017
Home / دنیا / موصل میں محصور شہریوں کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کی اپیل

موصل میں محصور شہریوں کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کی اپیل

اقوام متحدہ ۔ 19فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ نے عراق کے شہر موصل میں محصور لاکھوں افراد کی جان کی حفاظت کو انتہائی اہم قرار دیا ہے کیونکہ عراقی فوج شہر کے مغربی علاقے پر قابض دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے خلاف حملے کی تیاری کر رہی ہے۔عراق کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی بنیادوں پر تعاون کی رابطہ کار لیز گرانڈ نے بی بی سی کو بتایا کہ عراق نے جب شہر کے مشرقی علاقے کو واپس حاصل کیا تھا اس وقت بھی اس نے لوگوں کی حفاظت کو اولیت دی تھی۔عوام کو آگاہ کرنے کے لیے طیاروں سے اس علاقے میں پرچے گرائے گئے ہیں۔خیال رہے کہ موصل دولت اسلامیہ کا آخری اہم گڑھ ہے جبکہ شہر سے جنگجوؤں کو نکال باہر کرنے کی مہم گذشتہ سال اکتوبر سے جاری ہے۔گرانڈ نے کہا کہ عراقی فوجیوں کو اس بات کی یقین دہانی کرانی چاہیے کہ آپریشن کے دوران انسانی حقوق کی پامالی نہ ہو اور اس جنگ میں شریک تمام فریقین وہ تمام طریقے اختیار کریں جس سے شہریوں کی جان محفوظ رہے اور وہ جنگ سے بچ سکیں۔تاہم انھوں نے کہا کہ مغربی موصل کو واپس لینا انتہائی اہم ہے۔ عراقی فوج نے جاریہ سال کے اوائل میں شہر کے مشرقی حصے پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا اور اب اس نے مغربی حصے کو پوری طرح محصور کر لیا ہے۔جبکہ امریکہ کی قیادت والے اتحاد کی جانب سے دولت اسلامیہ پر فضائی حملے جاری ہیں۔بی بی سی کے سیبیٹیئن اشر کا کہنا ہے کہ صرف شہر پر دوبارہ قبضہ حاصل کر لینا اور دولت اسلامیہ کو اس کے مضبوط گڑھ سے نکال بھگانا ہی اس کے مقاصد میں شامل نہیں بلکہ شہر کے لوگوں کا اعتماد جیتنا ان کے لیے اہم ہے اور اس کے لیے کم سے کم شہریوں کی جان کی ہلاکت اور انتقامی کارروائیوں سے گریز ضروری ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT