Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش پر یوم اقلیتی بہبود

مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش پر یوم اقلیتی بہبود

11 نومبر کو نظام کالج گراونڈ پر تقاریب ، قومی ایوارڈس کی پیشکشی
حیدرآباد۔/4نومبر، ( سیاست نیوز) ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش کے موقع پر 11نومبر کو یوم اقلیتی بہبود منایا جائے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے نظام کالج گراؤنڈ پر تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جاریہ سال یہ تقاریب اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اردو اکیڈیمی کی جانب سے علحدہ طور پر منعقد کی جائیں گی۔ یوم اقلیتی بہبود میں گذشتہ تین برسوں سے مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ پیش کیا جاتا ہے جو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیت کو دیا جاتا ہے۔ جاریہ سال بھی ناموں کے انتخاب کے سلسلہ میں حکومت نے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے جو مہر بند لفافہ میں ناموں کی سفارش حکومت کو روانہ کردے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایوارڈ کیلئے موزوں شخصیت کا انتخاب کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ماہرین کی کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں 4 ناموں کی سفارش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار روپئے نقد کیسہ زر اور مومنٹو پیش کیا جاتا ہے۔ پہلا ایوارڈ پروفیسر اشرف رفیع کو دیا گیا جبکہ دوسرا اور تیسرا ایوارڈ پروفیسر سلیمان صدیقی اور غیاث الدین بابو خاں کو دیا جاچکا ہے۔ نظام کالج کی تقریب میں چیف منسٹر کو مدعو کرنے کی تجویز ہے تاکہ ان کے ہاتھوں ابوالکلام آزاد ایوارڈ پیش کیا جائے۔ اس تقریب میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے طلبہ کی جانب سے مختلف کلچرل اور تعلیمی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ چونکہ حکومت نے جاریہ سال اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایا ہے لہذا ان مدارس کی کارکردگی کے مظاہرہ کیلئے طلبہ کو پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلہ میں 71 اسکولس قائم کئے گئے ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ اردو اکیڈیمی 15 نومبر کو اردو مسکن میں یوم اقلیتی بہبود تقاریب کا اہتمام کرے گی جس میں بیسٹ اردو ٹیچر اور بیسٹ اردواسٹوڈنٹ ایوارڈ پیش کئے جائیں گے۔ بیسٹ اردو ٹیچر کے تحت پرائمری سے ڈگری کالج کی سطح پر ہر ضلع سے 5 اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ بیسٹ اسٹوڈنٹ کے تحت ہر ضلع سے ایس ایس سی کے 5 ٹاپرس کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دونوں زمروں میں 50-50 ایوارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ اساتذہ کو ایوارڈز حیدرآباد میں پیش کئے جائیں گے جبکہ حیدرآباد اور رنگاریڈی کے طلبہ ہی اردو مسکن میں ایوارڈ حاصل کریں گے جبکہ دیگر اضلاع کے طلبہ اپنے متعلقہ مقامات پر ڈی ای اوز سے ایوارڈ حاصل کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اردو مسکن کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT