Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / مومن احمد حسین آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدر نشین منتخب

مومن احمد حسین آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدر نشین منتخب

عازمین حج کی بہتر خدمت کرنے کا نئے صدر نشین کا عزم ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔/26اپریل، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے مومن احمد حسین کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی کا اجلاس آج حج ہاوز میں منعقد ہوا جس میں تمام 14ارکان نے شرکت کی۔ ایم ایل سی و رکن حج کمیٹی احمد شریف نے صدرنشین کے عہدہ کیلئے کرنول کے مومن احمد حسین کا نام پیش کیا اور تمام ارکان نے تائید کی۔ اس طرح مومن احمد حسین متفقہ طور پر آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدرنشین منتخب کرلئے گئے۔ وہ سابق میں 2002 سے 2004 تک آندھرا پردیش اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے صدرنشین رہ چکے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ممبر کنوینر کی حیثیت سے اجلاس کے انتظامات و صدرنشین کے انتخاب کا پروگرام چلایا جبکہ ٹاسک فورس آفیسر وقف بورڈ محمد قدوس نے الیکشن آفیسر کے فرائض انجام دیئے۔ آندھرا پردیش حکومت نے 16مارچ کو جی او آر ٹی 43کے ذریعہ تلنگانہ حج کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی تھی۔ 14ارکان نے وقف بورڈ کے عہدیدار مجاز شیخ محمد اقبال اور ایکزیکیٹو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ احمد شریف ( ایم ایل سی) ، مومن احمد حسین، شیخ مستان شریف، ٹی محبوب صاحب، شیخ اکبر باشاہ، مفتی الیاس، مفتی فاروق، کے محمد رفیع، چنا عبدالرحمن، حاجی شیخ حسن باشاہ، سید شاہ مخدوم بخاری اور کے محمد عثمان کو ارکان کی حیثیت سے نامزد کیا گیا۔ صدرنشین کے انتخاب کے بعد احمد شریف ایم ایل سے نے صدرنشین کو مبارکباد دی اور کہا کہ حج کمیٹی دیگر سرکاری اداروں سے مختلف ہے۔ یہاں عازمین حج کی خدمت کا موقع حاصل ہوتا ہے جو ہر ایک کیلئے باعث سعادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین چار سال تک آندھرا پردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے کیونکہ آندھرا پردیش میں انٹر نیشنل ایرپورٹ کی تعمیر کا کام باقی ہے۔ انہوں نے کہ کڑپہ اور وجئے واڑہ میں حج ہاوز کی تعمیر کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آندھرا پردیش نے ریاستی حج کمیٹی کیلئے 15کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جس میں حج ہاوز کی عمارت کی تعمیر شامل ہے۔ حج 2016 میں آندھرا پردیش سے 2052عازمین حج منتخب ہوئے جبکہ گزشتہ سال 1800 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ نومنتخب صدرنشین مومن احمد حسین نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اور وزیر اقلیتی بہبود ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ تمام کے تعاون سے عازمین کی بہتر خدمت کیلئے مساعی کریں گے۔ شیخ محمد اقبال عہدیدار مجاز وقف بورڈ نے صدرنشین و ارکان کو مبارکباد دی۔ ایکزیکیٹو آفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ آندھرا پردیش سے حج درخواستوں میں 80فیصد کا انتخاب ہوچکا ہے۔ 2001مردم شماری کے اعتبار سے حج کوٹہ کے الاٹمنٹ کے باعث آندھرا پردیش کیلئے جاریہ سال نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آندھرا پردیش حج کمیٹی جاریہ سال عازمین حج کی بہتر خدمت کریگی اور وہ مکمل تعاون کرینگے ۔ پروفیسر ایس اے شکور کی مصروفیت کو دیکھتے ہوئے آندھرا پردیش حکومت نے حج کمیٹی کیلئے عبوری ایکزیکیٹو آفیسر مقرر کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

TOPPOPULARRECENT