Wednesday , October 18 2017
Home / دنیا / مون کشمیر میں تشدد کے خاتمہ کے خواہاں

مون کشمیر میں تشدد کے خاتمہ کے خواہاں

اقوام متحدہ ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی جانوں کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ مزید تشدد کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔پاکستان کے دفترِ خارجہ کے مطابق انھوں نے یہ بات پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف کے اس مکتوب کے جواب میں کہی ہے جس میں ان کی توجہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتحال اور وہاں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوںپر مبذول کروائی گئی تھی۔دفترِ خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق اپنے جواب میں بان کی مون نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں تشدد کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کروانے اور بات چیت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔بیان کے مطابق بان کی مون نے علاقائی امن و سلامتی کی خاطر مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کی تعریف بھی کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر سمیت تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 8 جولائی کو برہان وانی نامی نوجوان عسکریت پسند کی انڈین فوج کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے احتجاج کی ایک نئی لہر شروع ہوئی ہے۔اس دوران جہاں وادی میں 40 دن سے زیادہ عرصے سے کرفیو نافذ ہے وہیں پرتشدد مظاہروں میں اور ہندوستانی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 65 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ان زخمیوں میں سے 100 سے زیادہ ایسے ہیں جن کی بینائی سی پی آر ایف کے جوانوں کی جانب سے چلائے جانے والے کارتوسوں کے چھرے لگنے سے جا چکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT