Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / مچل مارش زخمی‘ دورہ ہندوستان سے باہر

مچل مارش زخمی‘ دورہ ہندوستان سے باہر

بنگلور ۔8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیائی آل راؤنڈر مچل مارش کندھے کی تکلیف کے سبب دورہ ہندوستان سے باہر ہو گئے ہیں اور وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔مہمان ٹیم کے فزیو ڈیوڈ بیکلی نے کہا کہ گرمیوں کے درمیان پورا سیزن مچل مارش کندھے کی تکلیف کے ساتھ کھیلتے رہے لیکن اب ان کی تکلیف اس مقام تک پہنچ گئی ہے کہ وہ مزید نہیں کھیل سکتے ہیں اور انہیں اس سلسلے میں آرام کی ضرورت ہے۔فزیو  نے مزید کہا کہ  اسی سبب مچل مارش وطن واپس لوٹ رہے ہیں جہاں وہ اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سے مشاورت کریں گے۔یاد رہے کہ مچل مارش اس سے قبل بھی کندھے کے زخم کے سبب نیوزی لینڈ کے دورے پر ون ڈے میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور سیریز کے باقی میچوں کیلئے مچل مارش کی عدم دستیابی آسٹریلیا کے لئے ایک اور موقع ہوگا جہاں وہ نئے آل راؤنڈر کو آزما سکتی  ہے۔ان کے متبادل کا اعلان 16 مارچ کو رانچی میں  تیسرے ٹسٹ میچ سے قبل کیا جائے گا اور مچل اسٹوئنس کو اس سلسلے میں بہترین امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔اگر کسی متبادل کا انتخاب نہ بھی کیا گیا تو آسٹریلیا کے پاس اسپن آل راؤنڈر گلین میکس ویل، عثمان خواجہ، جیکسن برڈ اور مچل سویپسن موجود ہیں جن کو ابھی تک ٹسٹ سیریز میں ٹیم کی نمائندگی نہیں  کرپائے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT