Tuesday , July 25 2017
Home / شہر کی خبریں / مکانات اور چھت پر باغبانی ، حکومت سے مالی امداد

مکانات اور چھت پر باغبانی ، حکومت سے مالی امداد

۔17 مارچ ادخال درخواست کی آخری تاریخ ، محکمہ باغبانی کا اعلامیہ
حیدرآبا د۔15فروری(سیاست نیوز) مکان کی چھت پر باغبانی کرتے ہوئے اور ترکاری کی پیداوار کے ذریعہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے امداد حاصل کی جا سکتی ہے۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ باغبانی نے گھروں میں ترکاری کی پیداوار اور باغبانی کے فروغ کیلئے شروع کردہ منصوبہ کے تحت ان شہریوں کو امداد دینے کا اعلان کیا ہے جو اپنے مکانات کی چھت اور کھلے مقامات پر ترکاری کی پیداوار کو ممکن بناتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ میں تعاون کرتے ہیں۔محکمہ باغبانی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے بموجب 50تا100مربع فیٹ علاقہ پر کاشتکاری کیلئے 6000روپئے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اس تخمینہ کی 25فیصد رقم محکمہ باغبانی حکومت تلنگانہ کی جانب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے شہری اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں اور اس اسکیم میں درخواست کے ادخال کی آخری تاریخ 17مارچ مقرر ہے۔ درخواست کے ادخال کے خواہشمندوں کو چاہئے کہ وہ 11تا 5بجے کے درمیان محکمہ باغبانی کے دفتر واقع ریڈہلز متصل کریمنل کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں فون نمبرات 8978211566کے علاوہ 9949161042پر ربط پیدا کرتے ہوئے مزید تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔محکمہ باغبانی کی جانب سے سال گذشتہ بھی اسی طرح کی اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے گھروں میں موجود کھلے مقامات اور چھت پر کاشتکاری کو فروغ دینے کے اقدامات کئے گئے تھے اور اس اسکیم سے کافی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کرتے ہوئے نہ صرف سرکاری امداد حاصل کی بلکہ اپنی جانب سے پیدا کردہ ترکاریوں کا استعمال کرنے لگے ہیں۔دونوں شہروں میں موجود مالکین جائیداد اس اسکیم سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی چھتوں پر کاشتکاری کے ذریعہ حکومت کے محکمہ باغبانی کی اسکیم کے تحت 50تا100 مربع فیٹ کے لئے 1500روپئے تک کی سبسیڈی حاصل کرسکتے ہیں اور اپنی نگرانی میں پیدا کردہ ترکاریوں کا استعمال کرسکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں درخواست گذاروں سے سال گذشتہ اس اسکیم سے استفادہ کیا ہے اور توقع کی جار ہی ہے کہ چھت پرکاشت کے شعور کو بیدار کرنے کیلئے چلائے جانے والے اس منصوبہ میں جاریہ سال کے دوران بھاری تعداد میں درخواستیں موصول ہوں گی کیونکہ یہ منصوبہ باغبانی اور چھوٹی آبپاشی کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT