Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین و سیکوریٹی کی تنخواہوں کی اجرائی یقینی

مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین و سیکوریٹی کی تنخواہوں کی اجرائی یقینی

محکمہ فینانس سے ایک کروڑ بجٹ منظور ، روزنامہ سیاست کی توجہ دہانی پر حکومت بیدار
حیدرآباد۔/29اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین اور سیکوریٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈز کو طویل انتظار کے بعد تنخواہوں کی اجرائی یقینی ہوچکی ہے کیونکہ محکمہ فینانس نے آج ایک کروڑ روپئے منظورہ بجٹ کو اقلیتی بہبود کے اکاؤنٹ میں جمع کردیا۔ روز نامہ ’سیاست‘ میں ملازمین اور ہوم گارڈز کی تنخواہوں کے مسئلہ پر مسلسل توجہ دہانی اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی ہدایت کے بعد اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے محکمہ فینانس سے بجٹ کی اجرائی کیلئے نمائندگی کی۔ ابتداء میں ڈپٹی چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ تنخواہیں جاری کردی گئی ہیں لیکن حقیقت حال اس کے برخلاف تھی۔ انہیں یہ باور کیا گیا کہ شاہی مسجد کا صرف ایک ملازم جو کنٹراکٹ پر ہے اس کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی اور اس کی وجہ اکاؤنٹ نمبر کی تبدیلی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ ملازم 18ماہ سے تنخواہ سے محروم ہے اور سوال یہ ہے کہ کیا نئے اکاؤنٹ نمبر میں رقم کی منتقلی کیلئے 18ماہ درکار ہوں گے؟۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی توجہ دہانی کے بعد مکہ مسجد کے سپرنٹنڈنٹ نے محکمہ فینانس سے رجوع ہوکر رقم کی اجرائی کی کامیاب مساعی کی اور آج شام متعلقہ بینک اکاؤنٹس میں رقم جاری کردی گئی۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم تمام ملازمین اور ہوم گارڈز کو تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔ مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے ملازمین اور ہوم گارڈز نے تنخواہ سے متعلق اہم مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ’سیاست‘ سے اظہار تشکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT