Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد بم دھماکہ مقدمہ ملزم اسیمانند کی ضمانت منظور

مکہ مسجد بم دھماکہ مقدمہ ملزم اسیمانند کی ضمانت منظور

حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) مکہ مسجد بم دھماکہ مقدمہ میں سابق آر ایس ایس ورکر سوامی اسیمانند کو مشروط ضمانت منظور کی گئی ہے۔ چوتھے میٹرو پولیٹن سیشن کورٹ نے 50,000 روپئے فی کس کی دو ضمانتیں جمع کرانے اور اجازت کے بغیر حیدرآباد نہ چھوڑنے کا اسے حکم دیا ہے۔ 18 مئی 2007ء کو مکہ مسجد میں نماز جمعہ کے دوران بم دھماکے ہوئے تھے جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس کے بعد عوام احتجاج پر اُتر آئے اور مسجد کے قریب پولیس فائرنگ میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ جتن چٹرجی اکا سوامی اسیمانند کو سی بی آئی نے 2010ء میں گرفتار کیا تھا۔ وہ پہلے آر ایس ایس سے تعلق رکھتا تھا اور وہ مالیگاؤں و اجمیر دھماکوں میں ملوث انتہا پسند تنظیم ابھینو بھارت کے نظریات کا حامی تھا۔ این آئی اے خصوصی عدالت جئے پور نے 8 مارچ کو 2007ء اجمیر بم دھماکہ مقدمہ میں 3 افراد کو مجرم قرار دیا لیکن اسیمانند اور دیگر 6 کو بری کردیا تھا۔ 3 مجرمین کے منجملہ 2 کو سزائے قید سنائی گئی جبکہ ایک مجرم کی موت ہوچکی ہے۔ 11 اکتوبر 2007ء کو اجمیر شریف میں ہوئے بم دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT