Wednesday , August 16 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد بم دھماکہ کی آج 10ویں برسی

مکہ مسجد بم دھماکہ کی آج 10ویں برسی

سیکورٹی کے سخت انتظامات، ایک ہزار سے زائد پولیس جوان تعینات
حیدرآباد ۔ /17 مئی (سیاست نیوز) مکہ مسجد بم دھماکہ کی 10 ویں برسی کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں ۔ بندوبست کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس عملہ کو متعین کیا جارہا ہے ۔ ریاپڈ ایکشن فورس کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس فورس کے 20 پلاٹونس کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ حالانکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی کوئی انٹلیجنس کی اطلاعات نہیں ہے لیکن پولیس کسی بھی قسم کی لاپرواہی برتنا نہیں چاہتی ۔ واضح رہے کہ /18 مئی  2007 ء کو تاریخی مکہ مسجد میں زبردست بم دھماکہ ہوا تھا جس میں مصلیان فوت ہوگئے تھے اور بعد ازاں پولیس فائرنگ میں بھی نہیتے مصلیوں کو گولی ماردی گئی تھی ۔ اس واقعہ کے خلاف ملک پیٹ کے وقار احمد نے مبینہ طور پر تحریک غلبہ اسلام تنظیم تشکیل دی تھی اور اس تنظیم کے ارکان نے 2009 ء اور 2010 ء میں دو پولیس ملازمین کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا تھا ۔ پولیس ہر سال مکہ مسجد بم دھماکہ کی برسی کے موقع پر سخت ترین بندوبست کرتی ہے اور اس مرتبہ بھی سکیورٹی کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس (کرائمس) شریمتی سواتی لکرا کو پرانے شہر کا انچارج بنایا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس  ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی کو مادنا پیٹ اور سعیدآباد علاقہ کا انچارج بنایا گیا ہے ۔ پولیس نے ساؤتھ زون علاقہ میں 5 ایڈیشنل ڈپٹی کمشنران پولیس ، 5 اسسٹنٹ کمشنران ، 50 انسپکٹران ، 100 سب انسپکٹران کے علاوہ ساؤتھ زون سے وابستہ 1000 سے زائد پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پر متعین کیا ہے ۔ مکہ مسجد بم دھماکہ کیس کی تحقیقات کرنے والی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے دھماکہ میں ملوث 5 آر ایس ایس کارکنوں کو گرفتار کیا تھا اور حالیہ دنوں دو ملزمین سوامی اسیمانند اور بھرت بھائی کی ضمانت پر رہائی عمل میں آئی تھی ۔ مکہ مسجد بم دھماکہ کیس کی سماعت این آئی اے خصوصی عدالت نامپلی کریمنل کورٹ میں جاری ہے اور اب تک 50 سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جاچکے ہیں جن میں زیادہ گواہوں نے اپنے بیان سے انحراف ہوگئے ۔

TOPPOPULARRECENT