Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد میں برقی سربراہی کیلئے جنریٹرس کی تنصیب

مکہ مسجد میں برقی سربراہی کیلئے جنریٹرس کی تنصیب

نماز تراویح کے وقت مصلیوں کو کسی قسم کی تکلیف سے گریز کی کوشش
حیدرآباد۔8جون (سیاست نیوز) مکہ مسجد میں محکمہ برقی کی جانب سے 10kvکا ایک جنریٹرس کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ یکم رمضان المبارک کو مکہ مسجد میں برقی سربراہی منقطع ہونے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر آج ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا اس اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کے مطابق مکہ مسجد میں محکمہ برقی اپنے خرچ پرایک جنریٹرس کی تنصیب عمل میں لائے گی تاکہ آئندہ اس طرح کی صورتحال پیدا نہ ہونے پائے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات 9جون سے روزانہ رات8:30بجے ان جنریٹرس کو تیار کر دیا جائے گا۔ ڈائریکٹر ایچ آر جناب کمال الدین علی خان اور ڈائریکٹر آپریشنس مسٹر سرینواس نے اس ہنگامی اجلاس کے دوران ساؤتھ سرکل کے عہدیداروں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب اجلاس میں محکمہ برقی کے عہدیداروں نے محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی جانب سے تال میل نہ ہونے کی شکایات کی اور کہا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلی عہدیداروں کے ہمراہ عدم تال میل کے سبب یہ صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 

اس اجلاس میں پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں برقی منقطع ہونے کی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ برقی صارفین کے فون کالس راست موصول کریں اور شکایات کی یکسوئی پر توجہ دیں ۔ ڈائریکٹر آپریشنس مسٹر سرینواس نے عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران اگر شکایات موصول ہوتی ہیں اور ان پر فوری کاروائی نہیں کی جاتی تو ایسی صورت میں محکمہ کی جانب سے ذمہ دار عہدیداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سخت کاروائی کی جائے گی۔ مکہ مسجد میں فی الحال 6kvکا جنریٹر موجود ہے جو محکمہ اقلیتی بہبود کی ملکیت ہے۔ اب جو جنریٹر نصب کیا جائے گا وہ محکمہ برقی کی جانب سے 10kvکا نصب کیا جائے گا ۔ جناب کمال الدین علی خان نے بتایا کہ شہر میں بلا وقفہ برقی سربراہی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرس اور ڈویژنل انجینئرس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT