Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مسجد میں چھت کے مرمتی کام کا آغاز ، رمضان سے قبل مکمل کرنے کی مساعی

مکہ مسجد میں چھت کے مرمتی کام کا آغاز ، رمضان سے قبل مکمل کرنے کی مساعی

ماہر آرکیٹکٹ شرد چندرا کی خدمات ، ماہ صیام میں کھجور تقسیم کا منصوبہ
حیدرآباد۔/2جون، ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں چھت کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے اور بارش کی صورت میں پانی سے بچاؤ کیلئے ہنگامی طور پر مرمت کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ یہ کام اگرچہ عارضی نوعیت کا ہے تاہم آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین کی جانب سے پراجکٹ رپورٹ کی پیشکشی کے بعد جامع منصوبہ پر عمل آوری کی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ اسد اللہ نے مسجد میں صفائی اور مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں دیواروں اور چھت کی صفائی کام جاری ہے اور رمضان المبارک سے قبل اسے مکمل کرلیا جائے گا۔ صفائی کے بعد کارپٹ کی صفائی انجام دی جائے گی تاکہ رمضان المبارک میں مصلیوں کو نماز کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہ ہو۔ عہدیداروں نے مسجد کے ایک حصہ میں بیریکٹس لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جس حصہ میں چھت میں پانی اُتر رہا ہے وہاں جانے سے روکا جاسکے۔ گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو کا کام انجام دینے والے ماہر آرکیٹکٹ شرد چندرا کو پراجکٹ کی تیاری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سابق میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی ٹیم نے ایک کروڑ 70لاکھ کی پراجکٹ رپورٹ پیش کی تھی۔ جاریہ سال رمضان المبارک میں مسجد کی جانب سے روزہ داروں میں کھجور کی تقسیم کا بھی منصوبہ ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے بتایا کہ رمضان المبارک سے قبل تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے اور مسجد کے دوسرے صحن میں بھی مصلیوں کیلئے واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تراویح اور دیگر نمازوں کے موقع پر مصلیوں کی سہولتوں کا خاص خیال رکھا جائے گا اور وہ انتظامات کی شخصی طور پر نگرانی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے دہے کی تراویح میں امام و خطیب حافظ و قاری محمد رضوان قریشی اپنے مخصوص لحن میں روزانہ 3 پارے سنائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT