Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ حج ٹرمنل کے انتظامات پر اظہار اطمینان

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ حج ٹرمنل کے انتظامات پر اظہار اطمینان

مزیدایک خادم الحجاج کے خلاف کارروائی، 339 حجاج کرام کی وطن واپسی، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
آج مزید 3 قافلوں کی آمد
حیدرآباد۔/17اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ حجاج کرام کے 10قافلے وطن واپس ہوچکے ہیں جن کے ذریعہ ابھی تک 3380 حجاج کرام مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ ایر انڈیا کی جانب سے حجاج کرام کی واپسی کیلئے خصوصی فلائیٹس چلائی جارہی ہیں اور ایر انڈیا نے حج کمیٹی سے کئے گئے وعدہ کے مطابق تمام فلائیٹس کی مقررہ وقت پر آمد کو یقینی بنایا ہے جس کے باعث رشتہ داروں کو طویل انتظار کی زحمت سے بچالیا گیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 14 اکٹوبر سے آج تک جملہ 10قافلے مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ آج علی الصبح  2:30بجے آٹھواں قافلہ 339حجاج کرام کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوا۔ اسپیشل آفیسر نے تمام حجاج کا  فرداً فرداً استقبال کیا اور انہیں حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ آج کا دوسرا قافلہ صبح 7:55بجے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا جس میں 340حجاج کرام تھے۔ تیسرا اور اب تک کا دسواں قافلہ رات 8:30بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا جس میں 340 حجاج کرام تھے۔ اسپیشل آفیسر کے مطابق اب تک کے 10قافلوں میں 8حجاج کرام مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج کرام نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ حج ٹرمنل کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اسپیشل آفیسر نے انکشاف کیا کہ حجاج کرام کی خدمت میں کوتاہی اور غفلت برتنے کیلئے آج ایک اور خادم الحجاج کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے خادم الحجاج محمد ایوب خاں جن کا تعلق میڈیکل اینڈ ہیلت ڈپارٹمنٹ سے ہے ان کے بارے میں حجاج نے کئی شکایات کیں۔ سفر حج کے دوران انہوں نے حجاج کرام کی خدمت کے بجائے اپنی نجی مصروفیات کو ترجیح دی۔ قافلوں کی روانگی کے موقع پر بھی وہ حجاج کے تعارف کیلئے دستیاب نہیں ہوئے لہذا آج صبح کی فلائیٹ سے ان کی آمد کے فوری بعد حج کمیٹی نے ریلیونگ لیٹر کے ساتھ تادیبی کارروائی کیلئے رپورٹ روانہ کردی ہے۔ محمد ایوب خاں سابق میں بھی ایک بار خادم الحجاج کی حیثیت سے روانہ ہوئے تھے اور اس وقت بھی ان کی کافی شکایات ملی تھیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ آئندہ محمد ایوب خاں کی درخواست خادم الحجاج کیلئے روانہ کرنے سے گریز کریں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ حج کمیٹی نے ذمہ داریوں سے غفلت برتنے والے خادم الحجاج کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا  اور جملہ 6 افراد کی نشاندہی کی گئی۔ کل ان میں سے دو حیدرآباد واپس ہوئے جبکہ آج ایوب خاں کی واپسی عمل میں آئی۔ مزید تین خادم الحجاج کی آمد کے بعد انہیں بھی بلیک لسٹ کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو مکتوب روانہ کردیا گیا۔ جاریہ سال جملہ 18 خادم الحجاج روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ کے 11اور آندھرا پردیش کے 7خادم الحجاج شامل ہیں۔ ان میں حج کمیٹی کے تین عہدیدار بھی خادم الحجاج کے طور پر روانہ ہوئے۔ اسی دوران کل 18اکٹوبر کو 3 قافلے واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ علی الصبح 2:35بجے حیدرآباد واپس ہوگا جبکہ دوسرا دوپہر ڈھائی بجے اور تیسرا رات 10:30 بجے حیدرآباد واپس ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT