Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی صحت پر خصوصی نظر

مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی صحت پر خصوصی نظر

جوگی پیٹ کی خاتون عازم کا کامیاب آپریشن ‘ قربانی کے ٹوکنوں کی تقسیم کا آغاز

حیدرآباد ۔ 5۔ستمبر (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں شدید گرمی کے باعث تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی طبیعت خراب ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں، تاہم انڈین حج مشن اور خادم الحجاج کی جانب سے فوری طبی امداد فراہم کرکے انہیں حج کیلئے تیار کیا گیا ہے۔ اسی دوران جوگی پیٹ ضلع میدک کی ایک خاتون عازم کا آپریشن کیا گیا اور وہ النور ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ 76 سالہ ظہیر النساء جو عزیزیہ زمرہ کے تحت اپنے نواسے شمشیر بیگ کے ساتھ روانہ ہوئی ہیں، وہ نیند میں پلنگ سے گر پڑیں اور ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ النور ہاسپٹل میں ان کا آپریش کیا گیا اور وہ روبہ صحت ہیں۔ ظہیر النساء کا کور نمبر TSR-6095-2 ہے اور وہ بلڈنگ نمبر 188 میں مقیم ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے خادم الحجاج سے محترمہ ظہیر النسا کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 3 دن میں انہیں ڈسچارج کردیا جائے گا اور وہ حج کیلئے جاسکتی ہیں۔ پروفیسر شکور نے خادم الحجاج کو پابند کیا ہے کہ وہ عازمین حج کی صحت پر خصوصی نظر رکھیں اور انہیں وقتاً فوقتاً ضروری دوائیں فراہم کریں تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ مکہ مکرمہ میں گرمی کی شدت کے باعث بعض عازمین کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں علاج کے بعد متعلقہ عمارتوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ اسپیشل آفیسر کے مطابق عازمین کی اکثریت خیریت سے ہے اور وہ حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ عازمین میں قربانی کے ٹوکن کی تقسیم کا آج سے آغاز ہوا ۔ حج کمیٹی نے فی عازم 450 ریال قربانی کیلئے حاصل کئے جن عازمین نے حج کمیٹی کو قربانی کی رقم ادا نہیں کی، وہ سعودی عرب کے الراجی بینک سے ٹوکن حاصل کرسکتے ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ قربانی کے سلسلہ میں خانگی ایجنٹس سے رجوع نہ ہوں کیونکہ اکثر و بیشتر دھوکہ دہی کے واقعات پیش آرہے ہیں۔ عازمین سے کم رقم حاصل کرکے وہ فرار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھرا کے بیشتر عازمین حج کیلئے ٹرین کی سہولت دستیاب ہے اور ان میں ٹرین کے سفر کیلئے ضروری پٹے جات تقسیم کئے جارہے ہیں۔ ان پٹوں پر بار کوڈ ہے جس کے ذریعہ عازمین کا بآسانی پتہ چلایا جاسکتا ہے ۔ منیٰ اور عرفات میں کھانے کے انتظام کے سلسلہ میں ٹوکنس جاری کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT