Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / مکہ مکرمہ کو نشانہ بناکر داغا گیا میزائیل فضاء میں تباہ کردیا گیا

مکہ مکرمہ کو نشانہ بناکر داغا گیا میزائیل فضاء میں تباہ کردیا گیا

سعودی ایرڈیفنس کی مستعدی ، حج سیزن کو سبوتاج کرنے حوثی باغیوں کی ناپاک سازش ناکام

جدہ ۔ /28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی ایر ڈیفنس فورس نے یمن سے حوثی باغیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ پر داغا گیا بیالسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے قبل فضاء میں تباہ کرکے شہر کو تباہی سے بچالیا ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی حمایت میں سرگرم عرب اتحاد کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایران نواز حوثی باغیوں کی طرف سے ایک بیالسٹک میزائیل مکہ معظمہ کی طرف داغا گیا تھا تاہم سعودی ایر ڈیفنس فورس نے اسے فضاء ہی میں تباہ کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچالیا ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایران نواز حوثی باغیوں نے مکہ مکرمہ پر یہ بیالسٹک میزائیل حملہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب شہر میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ عرب اتحادی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگرانی نہ ہونے کے باعث باغیوں کو الحدید بندرگاہ سے بیالسٹک میزائل اور دیگر بھاری ہتھیار پہنچایئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ باغی امدادی سامان اور اشیائے ضروریہ کے سامان کے ٹرکوں کے لئے جاری کردہ اجازت ناموں کا غلط استعمال کررہے ہیں ۔ دفاعی افواج نے حوثی باغیوں کے اس میزائل کو زمین سے فضاء میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائل سے تباہ کیا ہے اور اس کے ٹکڑے ایک بے آباد علاقے میں گرے ہیں ۔ دریں اثناء عرب اتحاد کے ایک لڑاکا طیارے نے یمن میں میزائل چھوڑنے کے پیڈ کو بمباری کرکے تباہ کردیا ہے ۔ یہ ایک سال سے کم عرصہ میں مکہ مکرمہ پر باغیوں کا دوسرا ناکام بیالسٹک میزائل حملہ ہے ۔ گزشتہ برس اکٹوبر میں یمنی باغیوں نے مکہ مکرمہ کی طرف ایک بیالسٹک میزائل داغا تھا جسے فضاء ہی میں تباہ کردیا گیا تھا ۔ جمعہ کو علی الصبح اتحادی فوج نے یمنی دارالحکومت صنعاء سمیت ملک کے مختلف مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ۔ بمباری میں مشرقی صنعاء میں صرف کے مقام پر نیشنل سکیورٹی کیمپ ، فضائیہ کالج اور /22 مئی ملٹری انڈسٹری آڈی ٹوریم کو نشانہ بنایا گیا ۔حقیقت یہ ہے کہ مغربی یمن کے الحودیدا بندرگاہ پر کنٹرول اور مانیٹرنگ نظام کے کمزور ہونے سے یمن کی حدود میں میزائیلس کو غیر قانونی طور پر درآمد کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ اتحادی کمانڈ کی جانب سے امدادی اور دیگر ساز و سامان کو بحری راستے سے لانے کے لیے جو پرمٹس دئیے گئے ہیں ان کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے ۔ میزائیلس کی غیر قانونی تجارت کو اس لیے بھی تقویت حاصل ہورہی ہے کیوں کہ عالمی برادری اس خلاف ورزی کے خلاف لب کشائی نہیں کررہی ہے اور نہ کوئی کارروائی کی جارہی ہے جس سے جنگ طوالت اختیار کرتی جارہی ہے اور شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں ۔ قبل ازیں سعودی کی قیادت والے اتحاد نے اقوام متحدہ سے خواہش کی تھی کہ وہ الحودیدہ بندرگاہ کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے تاکہ امدادی ساز و سامان کی درآمد کا سلسلہ بدستور جاری رہے اور اس میں کوئی رکاوٹ نہ ہو ۔یہ مکہ معظمہ پر دوسرا میزائل حملہ ہے ۔ /27 اکٹوبر 2016 ء کو حوثیوں نے مکہ معظمہ پر ایک میزائل حملہ کیا تھا جسے ناکام بنادیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT