Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / مکہ مکرمہ کی حیدرآباد رباط میں 678 عازمین حج کے قیام کی اجازت

مکہ مکرمہ کی حیدرآباد رباط میں 678 عازمین حج کے قیام کی اجازت

ناظر رباط حسین محمد الشریف کی پروفیسر ایس اے شکور کو اطلاع
حیدرآباد۔10 اگست (سیاست نیوز) حج 2016ء میں مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں پھر 678 عازمین حج کے قیام کا اجازت نامہ حاصل ہوچکا ہے۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو اطلاع دی کہ بکوتما علاقہ میں 428 عازمین حج کے قیام کے لئے حکومت سعودی عرب سے تصریح حاصل ہوچکی ہے۔ اس طرح جاریہ سال دو عمارتوں کا انتظام کیا گیا ہے جس میں مجموعی طور پر 678 عازمین حج قیام کریں گے۔ ناظر رباط کے مطابق انہوں نے ایک اور عمارت کے حصول کی کوشش کی تاہم عمارتوں کی کمی کے باعث ممکن نہ ہوسکا۔ وہ چاہتے تھے کہ مزید 200 عازمین کے رہائشی انتظامات کئے جائیں۔ ناظر رباط نے تیقن دیا کہ آئندہ سال یعنی حج 2017ء میں 1200 عازمین حج کے قیام کی مساعی کریں گے۔ نظام رباط میں قیام کے لئے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے جملہ 21 اضلاع کے عزیزیہ زمرے کے عازمین کی قرعہ اندازی کی گئی۔ شیشا علاقہ میں 250 افراد کی رہائش پر مشتمل عمارت پہلے ہی حاصل ہوچکی ہے اور تلنگانہ حج کمیٹی نے اس کی منتخب فہرست جاری کردی ہے۔ دوسری عمارت کے 428 منتخب عازمین کی فہرست جلد ہی جاری کی جائے گی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے مطابق پہلی عمارت میں ایک اور دوسری عمارت میں دو خادم الحجاج رہیں گے۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کے لئے طعام کا مفت انتظام رہے گا اور انہیں ضروری غذائی اشیاء لیجانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لانڈری کا بھی مفت انتظام کیا جارہا ہے۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو فی کس 47700 روپئے کی بچت ہوگی۔

 

میڈیا ، ڈسٹر مینجمنٹ پر آج راونڈ ٹیبل کانفرنس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اگست : ( این ایس ایس ) : ڈسٹر مینجمنٹ انشیٹیوز اینڈ کنورجنس سوسائٹی ( ڈی ایم آئی سی ایس ) نے اس کے دس سال کی تکمیل پر 11 اگست کو صبح 10 تا 1 بجے دن ڈی ایم آئی سی ایس کانفرنس ہال وجئے نگر کالونی میں میڈیا اور ڈسٹر مینجمنٹ راونڈ ٹیبل کانفرنس کا اہتمام کررہی ہے ۔ توقع ہے کہ اس میں مختلف میڈیا ماہرین شرکت کریں گے ۔ صدر نشین پریس اکیڈیمی حکومت تلنگانہ الم نارائن صدارت کریں گے جب کہ پروفیسر چترویدی ، منیجنگ ٹرسٹی راما نوجا مشین ٹرسٹ کلیدی خطبہ دیں گے ۔ ڈاکٹر جی وینکٹ رام ریڈی ، اسپیشل کمشنر ، ڈسٹر مینجمنٹ حکومت تلنگانہ ، پی مرلی کمار پرنسپال کمشنر انکم ٹیکس حیدرآباد ڈاکٹر اے ویدیا ساگر سابق پرنسپال سکریٹری حکومت اے پی وی اودے شنکر اسٹیشن ڈائرکٹر اے آئی آر حیدرآباد اور دیگر میڈیا شخصیتیں اس میں شرکت کریں گے ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT