Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / مکی آرتھر ، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ

مکی آرتھر ، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ

پی سی بی چیرمین اور بورڈ آف گورنرس سے مشاورت کے بعد فیصلہ
کراچی ۔ 6 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کو آج پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا جو وقار یونس کے جانشین ہوں گے ۔ وقار نے ورلڈ ٹی۔ 20 ٹورنمنٹ میں اپنی ٹیم کے ناقص مظاہرہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’بورڈ آف گورنر کے کل رات منعقدہ اجلاس میں اس مسئلہ پر تفصیلی غوراور پی سی بی کے چیرمین سے ٹیلی فون پر مشاورت کے بعد مکی آرتھر کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا ۔ آرتھر نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے صدر کوچ کا عہدہ قبول کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ان کے کنٹراکٹ کی تفصیلات کو قطیعت دی جارہی ہے ۔ توقع ہے کہ آرتھر رواں ماہ کے اختتام کے پی سی بی سے وابستہ ہوجائیں گے ‘‘ ۔ واضح رہے کہ مکی آرتھر پاکستان سوپر لیگ میں کراچی کنگس ٹیم کیلئے کوچنگ کررہے تھے ۔ 47 سالہ آرتھر وقار یونس کے جانشین ہوں گے ۔ وقار نے اپنی ٹیم کے ناقص مظاہرہ پر یہ الزام لگاتے ہوئے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا کہ پی سی بی ان کی کسی بھی تجویز کو قبول نہیں کررہا تھا ۔ بعد ازاں اسٹراؤٹ لاء اور پیٹر موریس کو بھی کوچنگ کی پیشکش کی گئی تھی تاہم ان دونوں نے پی سی بی کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا ۔ مکی آرتھر جنوبی افریقہ کے بیٹسمین کی حیثیت سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 110 میچ کھیل چکے ہیں۔ 2005 ء اور 2010ء کے دوران بحیثیت کوچ انھوں نے جنوبی افریقہ کی ٹیم کو تمام فورمیٹس میں دنیا کی پہلی طاقتور ٹیم بنادیا تھا ۔ ان کی کوچنگ میں جنوبی افریقہ نے لگاتار 13 ونڈے انٹرنیشنل میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کے ریکارڈ کے مساوی ہوگئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT