Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / مک کلم کے کریئر کا اختتام ، آسٹریلیا کی سیریز فتح یقینی

مک کلم کے کریئر کا اختتام ، آسٹریلیا کی سیریز فتح یقینی

نیوزی لینڈ (121/4) کو دوسرے ٹسٹ میں اننگز شکست کو ٹالنے مزید 14 رنز درکار ۔ مہمانوں نے جوابی اننگز میں 505 بنائے
کرائسٹ چرچ، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جیمز پٹنسن کی تباہ کن بولنگ کے سبب نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف شکست کا خطرہ ہے جہاں کیوی ٹیم 121 رنز پر چار وکٹیں گنوا چکی ہے۔ میچ کے آج تیسرے دن آسٹریلیا نے 363 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز  شروع کی تو نیوزی لینڈ کی صرف 7 رنز کی برتری باقی تھی۔ آڈم ووجز اور دیگر بلے بازوں کی چھوٹی چھوٹی شراکتوں کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 505 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور اس طرح نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 135 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے 106 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز بھی پہلی اننگز سے کچھ مختلف نہ تھا اور صرف آٹھ کے ٹیم اسکور پر مارٹن گپٹل آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ٹام لیتھم اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کیلئے 58 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی مگر پٹنسن نے وکٹ کیپر کی مدد سے لیتھم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اسکور میں چھ رنز کے اضافے پر پٹنسن (3/29) نے ہنری نکولس کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔ اس موقع پر برینڈن مک کلم اپنے کریئر کی آخری اننگز کھیلنے میدان میں اترے اور انہوں نے پہلی اننگز کی طرح جارحانہ انداز اپنایا لیکن 105 کے مجموعی اسکور پر 25 رنز بنانے والے کیوی قائد جوش ہیزل وڈ کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔ جب تیسرے دن کے کھیل کا خاتمہ ہوا تو نیوزی لینڈ نے چار وکٹ کے نقصان پر 121 رنز بنائے تھے جبکہ اسے ابھی بھی 14 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ ولیمسن 45 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نو رنز بنانے والے کوری اینڈرسن ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے ویلنگٹن میں منعقدہ پہلے ٹسٹ میں اننگز کے فرق سے فتح اپنے نام کی تھی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT