Wednesday , April 26 2017
Home / ہندوستان / مہاراشٹرا حکومت بھی بے موت مر جائیگی :شیوسینا

مہاراشٹرا حکومت بھی بے موت مر جائیگی :شیوسینا

ممبئی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج کسانوں کی خودکشی کے مسئلہ پر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت ان اموات کو اہمیت نہیں دے رہی ہے اور اگر یہی رجحان جاری رہا تو ریاستی حکومت خود ہی اسی انداز میں مر جائے گی۔ سینا نے پارٹی ترجمان سامنا کے اداریہ میں کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے ہفتہ وار پروگرام میں جن اسکیمات کا اعلان کیا ہے وہ گذشتہ 25 سال سے سنتے آئے ہیں اور جس طرح اس وقت کی کانگریس ۔ این سی پی حکومت دعوے کرتی رہی، دیویندر فرنویس بھی کچھ اسی قسم کا کام کررہے ہیں اور مرکز سے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ فرنویس کو کسانوں کا قرض مکمل معاف کرنا ہوگا جیسا کہ خود وہ ماضی میں مطالبہ کرچکے ہیں۔ اگر وہ سنجیدگی سے کام کرے اور خود کو اپنی ماضی کی باتوں کے مطابق ڈھالیں تو کسانوں کے حق میں بہتر ہوگا۔ سینا نے دعویٰ کیا کہ ہر روز کم از کم 5 تا 10 کسان خودکشی کرتے ہیں اور یہ تعداد جاریہ ماہ 100 سے تجاوز کرچکی ہے۔ اداریہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکمرانی میں زرعی صورتحال مایوس کن ہے۔ اگر ریاستی حکومت کسانوں کی خودکشیاں روکنے کے تعلق سے سنجیدہ ہے تو فرنویس کو سب سے پہلے ٹی وی پر اپنا پروگرام روکتے ہوئے اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کرنے ہوں گے۔ مزید کہا گیا کہ کسان ہر روز مر رہے ہیں اور حکومت انہیں معمولی واقعات قرار دے رہی ہے۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو یہ حکومت خود بھی بے موت مر جائے گی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT