Thursday , August 24 2017
Home / سیاسیات / مہاراشٹرا میں معقولیت پسندوں پر ظلمت پرستوں کے حملے

مہاراشٹرا میں معقولیت پسندوں پر ظلمت پرستوں کے حملے

سنستان سنستھا پر فی الفور پابندی عائد کرنے کانگریس کا مطالبہ

پونے ؍ ممبئی 19 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اترپردیش کانگریس نے آج بنیاد پرست تنظیم سنستان سنستھا پر فی الفور پابندی کا مطالبہ کیا ہے جس کے ایک سرگرم کارکن کو ممتاز کمیونسٹ لیڈر اور معقولیت پسند جہدکار گویند پنسارے کے قتل کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ریاستی صدر کانگریس اور سابق چیف منسٹر اشوک چوہان نے پونے میں کہاکہ دائیں بازو کی تنظیم (سنستان سنستھا) اظہار خیال کی آزادی کے لئے خطرہ بن گئی ہے جوکہ مہاراشٹرا کی تہذیبی روایت ہے اور اس تنظیم پر فی الفور امتناع عائد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جبکہ کولہاپور میں اپوزیشن لیڈر رادھا کرشنا وکی پاٹل نے بھی اس طرح کا مطالبہ کیا ہے۔ آنجہانی پنسارے کی اہلیہ اور بہو سے ملاقات کے بعد وکی پاٹل نے کہاکہ میرا یہ مطالبہ ہے کہ سنستھان سنستھا کی سرگرمیوں پر فی الفور پابندی عائد کردی جائے اور بتایا کہ اس معاملہ میں فڈنویس حکومت کا رول مشتبہ ہوگیا ہے کیوں کہ وہ قتل کیس میں سخت کارروائی سے قاصر ہیں۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نے سنستان سنستھا کو کبھی کلین چٹ نہیں دی تھی۔ ریاستی پولیس نے پنسارے قتل کیس میں چہارشنبہ کے دن سنستان سنستھا کے سرگرم کارکن سمیر گائیکواڑ کو گرفتار اور دیگر 2 رشتہ داروں کو حراست میں لے لیا تھا۔ یہ تنظیم اس وقت بھی شک و شبہ کے دائرہ میں آگئی تھی جب پونے میں 2سال قبل توہم پرستی کے خلاف شعور بیداری مہم چلانے والے نریندر دھوکلر کے قتل کی تحقیقات کی جارہی تھی۔ دریں اثناء سینئر بی جے پی لیڈر اور ریاستی وزیر امداد باہمی چندرا کانت پاٹل نے اپوزیشن لیڈر وکی پاٹل کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ پنسارے قتل کیس کی تحقیقات میں فڈنویس حکومت تساہل سے کام لے رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے اور میں ایسا کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا جس سے تحقیقات کا عمل راہ بھٹک جائے۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس لیڈروں کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ بی جے پی اور نہ ہی حکومت نے سنستان سنستھا کو کلین چٹ دی ہے اور نہ ہی مکمل حقائق آشکار ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ 82 سالہ پنسارے اور ان کی اہلیہ کو موٹر سیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے کولہاپور میں 16 فروری 2015 ء کو گولی مار دی تھی جس میں پنسارے علاج کے دوران فوت اور ان کی اہلیہ جانبر ہوگئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT