Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / مہاراشٹرا کے بلدی انتخابات میں 55% رائے دہی

مہاراشٹرا کے بلدی انتخابات میں 55% رائے دہی

3 افراد کی انتخابات سے متعلق ہلاکتیں ، پونے میں 53.55% ووٹنگ

ممبئی۔ 21 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پوری ریاست مہاراشٹرا میں 10 مجالس بلدیہ کیلئے تقریباً 56% رائے دہی ہوئی۔ مجلس بلدیہ ممبئی کیلئے 55% رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ یہ 2012ء کے بلدی انتخابات سے 10% زیادہ ہے۔ 11 ضلع پریشدوں اور 118 پنچایت سمیتیوں کیلئے 69% رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ 43,160 مراکز رائے دہی پر 7:30 بجے صبح ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے شام میں دیر گئے مہاراشٹرا کے بلدی انتخابات کیلئے رائے دہی کا فیصد جاری کیا۔ دیہی علاقوں میں ضلع پریشد انتخابات میں بھی ماضی کی بہ نسبت بہتر رائے دہی یعنی 69.43% ریکارڈ کی گئی۔ این سی پی کے صدر شرد پوار نے ممبئی میں سب سے پہلے ووٹ ڈالا۔ شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے اور ان کے ارکان خاندان نے باندرہ میں اپنی رہائش گاہ کے قریب مرکز رائے دہی پر ووٹ دیا۔ بی جے پی قائدین ریاستی صدر اکھیلیش شیلر، رکن پارلیمنٹ پونم مہاجن اور شائنا این سی، سابق اسپیکر لوک سبھا، شیوسینا قائد منوہر جوشی اور صدر ایم این ایس راج ٹھاکرے بھی رائے دہندوں میں شامل تھے۔  ناگپور میں آر ایس ایس کے سرسنچالک موہن بھاگوت، مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ووٹ ڈالا۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے اپنی بیوی امرتا اور والدہ کے ساتھ دھرم پیٹ میں 11:45 بجے دن ووٹ دیا۔ ممبئی پولیس کمشنر جولیو ریبیرو، جوائنٹ پولیس کمشنر دیون بھارتی، الیکشن کمشنر کے ایس سہاڑیا، بی ایم سی کمشنر اجئے مہتا بھی نامور رائے دہندوں میں شامل ہیں۔ پونے میں 53.55% اور تھانے میں 53% رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ انتخابات سے مربوط اموات میں پوری ریاست میں 3 افراد فوت ہوگئے۔ شعلہ پور میں سینئر سٹیزن گنگا دھر شیٹے ، رتناگری میں سینئر سٹیزن مہادیوچلکے ،اکولہ میں رائے دہندہ دیپک خان زودے رائے دہی کی قطار میں فوت ہوگئے۔ دریں اثناء رائے دہی کے اختتام پر بی جے پی اور شیوسینا نے ادعا کیا کہ ممبئی انتخابات میں ان کے حق میں لہر چل رہی تھی۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے کہا کہ مجلس بلدیہ ممبئی کے انتخابات میں شیوسینا کے حق میں زبردست لہر چل رہی تھی جبکہ بی جے پی کے ترجمان مادھو بھنڈاری نے دعویٰ کیا کہ رائے دہی کا فیصد زیادہ ہونے سے بی جے پی کو کامیابی کی اُمید ہے۔

TOPPOPULARRECENT