Friday , September 22 2017
Home / ہندوستان / مہاراشٹرا کے وزیر ڈیری ڈیولپمنٹ کی برطرفی کا مطالبہ

مہاراشٹرا کے وزیر ڈیری ڈیولپمنٹ کی برطرفی کا مطالبہ

اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج سے کارروائی ملتوی
ناگپور۔/13ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اسمبلی میں آج مسلسل شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے بعد کارروائی کو ایک دن کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ اپوزیشن نے وزیر ڈیری ڈیولپمنٹ مہادیو جانکر کے مختلف انتخابی جرائم درج کئے جانے پر استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ ایوان زیریں کو دو مرتبہ ملتوی کردینا پڑا کیونکہ اپوزیشن نے ایک مرتبہ واک آؤٹ کیا اور دوسری مرتبہ ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرے بلند کئے۔ بے قابو حالات کے پیش نظر پیانل اسپیکر یوگیش ساگر نے ایک دن کیلئے کارروائی ملتوی کردی۔ تین روزہ وقفہ کے بعد آج اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ وقفہ صفر معطل کرکے ریاستی وزیر مہادیوجانکرکے مسئلہ پر بحث کروائی جائے۔ وجئے واڈیتو ار ( کانگریس) اور دیگر نے سوال کیا کہ ایک داغدار وزیر کو کس طرح برقرار رکھا جاسکتا ہے جس کے خلاف اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے سنگین الزامات عائد کئے ہیں جوکہ انتخابی جرائم سے متعلق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گڈچرولی میں واڈمادیسائی گنج میونسپل کونسل کے حالیہ انتخابات میں ریاستی وزیر مہادیوجانکر نے انتخابی عہدیداروں کو یہ ہدایت دیتے ہوئے پکڑے گئے کہ کانگریس سے وابستہ جسومل موٹوانی کو آزاد امیدوار تصور کیا جائے۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مہادیو کے خلاف انتخابی جرم کا کیس درج کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس تنازعہ پر جینت پاٹل ( این سی پی ) اور دیگر نے ریاستی حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی تو وقفہ صفر درہم برہم ہوگیا۔ آج اسپیکر ہری بابو باگڈے نے ان کے استدلال کو مسترد کرتے ہوئے وقفہ صفر جاری رکھا۔ جس پر برہم اپوزیشن ارکان نے بطور احتجاج واک آؤٹ کردیا۔ دریں اثناء چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس نے مداخلت کرتے ہوئے مہادیوجانکر کی پرزور مدافعت کی اور کہا کہ جانکر کے خلاف ناقابل گرفت کیس درج کیا گیا ہے اور وہ الیکشن کمیشن کی نوٹس کا جواب دیں گے۔لیکن اس جواب سے غیر مطمئن اپوزیشن نے نعرہ بازی کرتے ہوئے کاغذات کے تکڑے پھینکے بالاآخر  پیانل اسپیکر کو ایک روز کیلئے کارروائی ملتوی کردینی پڑی۔

TOPPOPULARRECENT