Tuesday , September 19 2017
Home / Top Stories / مہاراشٹرا : ہائیکورٹ کی مداخلت پر ہڑتالی ڈاکٹرس کی کام پر واپسی متوقع

مہاراشٹرا : ہائیکورٹ کی مداخلت پر ہڑتالی ڈاکٹرس کی کام پر واپسی متوقع

ممبئی23مارچ(سیاست ڈاٹ کام )بامبے ہائی کورٹ کی ایک بنچ نے آج یہاں مفاد عامہ کی ایک عرضداشت کی سماعت کے دوران ممبئی سمیت مہاراشٹرا کے دیگر شہروں کے سرکاری اور کارپوریشن کے ڈاکٹروں کو فوری طورپر ڈیوٹی پر واپس لوٹنے کا حکم دیا اور عدالت نے ریاستی حکومت کو بھی کہا ہے کہ وہ تمام سرکاری اورنیم سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حفاظت کا مکمل انتظام کرے ۔ہائی کورٹ اس عرضداشت پر دوہفتے بعد مزید سماعت کرے گی ۔ عدالت کے حکم کے بعد مہاراشٹر اسوسی ایشن آف ریزیڈنٹ کی تنظیم نے ڈیوٹی پر واپس لوٹنے کی عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے ۔حالانکہ عدالت کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں فریقین کو باہمی گفتگو کے ذریعے اس مسئلہ کو حل کرلینا چاہئے تھا۔ عدالت نے ان ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی ہدایت دی جنہیں غیرحاضری کے سلسلے میں نوٹس دیا گیا ہے بشرطیکہ وہ کام پر واپس لوٹ آتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ڈاکٹروں سے ڈیوٹی پر لوٹنے کی اپیل کی ہے ۔ریاست میں چار ہزار ڈاکٹر وں نے ممبئی کے سائن اسپتال میں ایک ریزیڈنٹ ڈاکٹر کی پٹائی کے بعد اجتماعی چھٹی پر جانے کا فیصلہ کیا تھا اور آج اس کا چوتھا دن ہے۔ بامبے ہائی کورٹ کے حکم پر سرکاری اورکارپوریشن کے کئی ہزار ڈاکٹروں کو غیر حاضری کے لیے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی گئی تھی اور شولاپورمیں 114 ڈاکٹروں کو معطل کیا گیا ۔گزشتہ چار یوم سے اجتماعی چھٹی منا رہے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو گزشتہ روز ہائی کورٹ نے سرزنش کرتے ہوئے کہاتھا کہ مزدوروں کی طرح رویہ اپنانا ڈاکٹروں کے حق میں اچھا نہیں ہے اورہڑتال کرنا ڈاکٹر کے پیشہ کو زیب نہیں دیتا ہے ۔ججوں نے ان ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا تھا۔ ممبئی کے علاقے میں واقع لوکمانیہ تلک سائن اسپتال میں ایک مریض کے رشتہ داروں کے ذریعہ مقامی ڈاکٹر کی پٹائی کے پیش نظر بطور احتجاج ریاست گیر سطح پر ڈاکٹروں نے اجتماعی چھٹی لے لی تھی ۔چیف جسٹس منجولا چیلوراور جسٹس گریش کلکرنی نے ہدایت دی کہ اسپتال انتظامیہ کو ان ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے ۔رپورٹ کے مطابق ممبئی ،پونے ،ناسک سمیت مہاراشٹرا کے شہروں کے اسپتالوں میں مریضوں کا بُراحال ہے ۔دریں اثناء دہلی میں مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ریاستوں سے اپیل کی کہ ڈاکٹروں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ ہائیکورٹ کی ہدایت اور چیف منسٹر کی اپیل کے بعد احتجاجی ڈاکٹروں کے نمائندے صلاح مشورہ کررہے ہیں کہ اب کیا اقدامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر ساگر موندادا چیرمین انڈین میڈیکل اسوسی ایشن یوتھ ونگ کے مطابق اِس معاملہ پر فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT