Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / میانداد کوہمیشہ پیسوں کامسئلہ رہاہے:آفریدی

میانداد کوہمیشہ پیسوں کامسئلہ رہاہے:آفریدی

کراچی ، 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جاوید میانداد کے ساتھ ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور یہی فرق عمران خان اور میانداد میں ہے۔ آفریدی یہاں مقامی صحافی سلیم خالق کی کتاب کی تقریب رونمائی میں شریک تھے، جہاں ایک صحافی نے جاوید میانداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’آفریدی الوداعی میچ پیسوں کی خاطر مانگ رہے ہیں، جس پر آل راؤنڈر نے جواب دیا: ’’میانداد کو ہمیشہ سے پیسوں کا مسئلہ رہا ہے اور اب بھی مسئلہ ہے‘‘۔ آفریدی نے مزید کہا کہ ’’ایک بڑے کھلاڑی کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئے اور یہی فرق میانداد اور عمران خان میں رہا ہے‘‘۔ سابق کپتان نے الوداعی میچ کے حوالے سے کہا کہ انھیں عوام کی جانب سے بہت پیار ملا ہے، اس لئے الوداعی میچ دیا جائے یا نہیں یہ کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے۔ آفریدی نے کہا کہ وہ پی سی بی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کریں گے اور پھر دیکھا جائے گا کہ بورڈ کیا کرنا چاہتا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ روز آفریدی کے الوداعی میچ کے حوالے سے کہا تھا کہ یہ پی سی بی کا معاملہ ہے اور بورڈ کو چاہئے کہ جس کھلاڑی نے 18 سے 20 سال ملک کیلئے کرکٹ کھیلی، ہو اس کے جانے کا بہترین راستہ ہونا چاہئے۔ قبل ازیں آفریدی نے کہا تھا کہ اُن کی انضمام الحق سے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بات ہوئی ہے، دوسری جانب نجم سیٹھی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ آفریدی ہمارا اسٹار ہے اور اُن کے الوداعی میچ کیلئے کچھ خاص کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔
آفریدی کا میانداد کیخلاف بیان پر اظہار افسوس
دریں اثناء شاہد آفریدی نے جاوید میانداد کے تعلق سے اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا: ’’جاوید میانداد کرکٹ کے عظیم کھلاڑی ہیں لیکن وہ ٹی وی میں کافی عرصے سے سخت الفاظ استعمال کرتے آئے ہیں اور بغیر کسی وجہ کے مجھے ذاتی طورپر نشانہ بنایا ہے۔‘‘ آفریدی نے کہا کہ ’’میں نے بہت تحمل کیا لیکن ہر کسی کی اپنی حدہوتی ہے، میانداد کی جانب سے ذاتی طورپر نشانہ بنانے پر (مجھے) افسوس ہوا‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے اپنے سینئر کو جوکچھ کہا ، اُس پر افسوس ہے لیکن اُن کے رویے پر میرا ردعمل فطری رہا‘‘۔ (بشکریہ : ’ڈان نیوز‘)

TOPPOPULARRECENT