Saturday , September 23 2017
Home / جرائم و حادثات / میانمار ‘دیگر بیرونی شہریوں کو غیرقانونی پاسپورٹ دلانے کی کوشش

میانمار ‘دیگر بیرونی شہریوں کو غیرقانونی پاسپورٹ دلانے کی کوشش

حیدرآباد 17 اگسٹ ( سیاست نیوز ) ساؤتھ زون ٹاسک فورس ٹیم نے میانمار اور دوسرے ممالک کے شہریوں کو غیر قانونی طریقوں سے پاسپورٹ کی اجرائی میں مدد کے الزام میں پاسپورٹ بروکر احسن ضیا انصاری کے علاوہ اسپیشل برانچ کے ایک کانسٹیبل بشیر احمد اور ایک ہوم گارڈ شیخ سلیم ( پاسپورٹ ویریفیکیشن سیل ) کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ٹاسک فورس ٹیم نے ایک ہندوستانی پاسپورٹ ‘ آدھار کارڈ ‘ ووٹر آئی ڈی اور سیل فونس وغیرہ بھی احسن ضیا انصاری کے قبضہ سے ضبط کئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ احسان ضیا انصاری ساکن ممبئی فی الحال مصری گنج حیدرآباد میں مقیم ہے ۔ اس کی تعلیم ممبئی میں ہوئی ہے اور وہ ملازمت کی تلاش میں 2003 میں حیدرآباد میں منتقل ہوا ۔ چھوٹے موٹے کام کرنے کے بعد وہ ڈاٹا انٹری آپریٹنگ سسٹم سے وابستہ ہوگیا ۔ سال 2012 میں اس کی ملاقات میانمار کے شہری محمد جاوید ساکن شاہین نگر سے ہوئی ۔ بعد ازاں انصاری کی ملاقات اسپیشل برانچ کانسٹیبل بشیر احمد سے ہوئی ۔ انصاری نے میانمار کے غیر قانونی تارکین وطن کے پاسپورٹس حاصل کرنے میں بشیر احمد کی مدد حاصل کی ۔ انصاری بشیر احمد کو سرکاری مدد کیلئے رشوت دیا کرتا تھا اور ایک ہوم گارڈ سلیم کو بھی رشوت دی جاتی تھی ۔ اس طریقہ سے یہ لوگ میانمار کے شہری غیر قانونی تارکین وطن کیلئے پاسپورٹس بنواتے تھے اور ان سے بھاری رقومات حاصل کرتے تھے۔ بشیر احمد 2007 کے بیاچ سے تعلق رکھتا ہے اور وہ ایس بی ساؤتھ زون میں کام کررہا ہے۔ جنوری میں بشیر کا رابطہ احسن ضیا انصاری سے ہوا تھا جب وہ پاسپورٹ درخواست کی تنقیح کر رہا تھا ۔ ایس بی کانسٹیبل نے غیر قانونی کام میں احسن ضیا انصاری کی مدد کی ۔ ہوم گارڈ شیخ سلیم جو پاسپورٹ ویریفیکیشن سیل سے وابستہ ہے خاص طور پر ایسی درخواستیں بشیر احمد کے سپرد کیا کرتا تھا ۔ اور اپنے بینک اکاؤنٹ میں آن لائین رقومات منتقل کروالیا کرتا تھا ۔ احسن ضیا انصاری کا ایک اوریجنل پاسپورٹ ‘ پاسپورٹ درخواستوں کی زیراکس نقولات ‘ آدھار کارڈز ‘ ووٹر آئی ڈی کارڈز ‘ صداقتنامہ پیدائش اور حلفناموں کے علاوہ تینوں کے موبائیل فونس کو ثبوت کے طورپر ضبط کرلیا گیا ۔ انسپکٹر پولیس ایس آئی ٹی کے راما راؤ نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آعاز کرلیا ہے ۔ یہ کارروائی اڈیشنل ڈی سی پی ٹاسک فورس این کوٹی ریڈی کی قیادت میں انسپکٹر ساؤتھ زون ٹھاکر سکھدیو سنگھ اور سب انسپکٹران جی ملیش ‘ کے وینکٹیشورلو ‘ شیخ ذاکر حسین اور ڈی وینکٹشورلو و اسٹاف نے انجام دی ۔

TOPPOPULARRECENT