Friday , August 18 2017
Home / دنیا / میانمار میں انتخابات ‘ آج رائے دہی ہوگی‘تیاریاں مکمل

میانمار میں انتخابات ‘ آج رائے دہی ہوگی‘تیاریاں مکمل

سوچی کی پارٹی کو اقتدار ملنے کی امید ۔ روہنگیا مسلمان حق رائے دہی سے محروم
یانگون 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) میانمار میں اب تک کے پہلے با معنی انتخابات کیلئے قطعی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ان انتخابات کیلئے کل رائے دہی ہونے والی ہے اور ان میں اپوزیشن لیڈر آنگ سان سو چی کی جماعت کو کئی دہوں کی فوجی حکومت کے بعد اقتدار حاصل ہوسکتا ہے ۔ آنگ سان سوچی کی نیشنل لیگ برائے جمہوریت پارٹی امکان ہے کہ پارلیمنٹ میں واحد بڑی جماعت بن کر ابھریگی ۔ انتخابات کے نتائج سے میانمار کے سیاسی امیج میں بہتری پیدا ہوسکتی ہے ۔ میانمار میں آزادی کے بعد سے ہی فوجی حکمرانی کا سلسلہ چل رہا ہے ۔ صدر تھین سین نے 2011 میں فوجی جنتا کے اقتدار کے خاتمہ کے بعد اصلاحات کا عمل شروع کیا تھا ۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت اور طاقتور فوج کی جانب سے انتخابات کے نتائج کا احترام کیا جائیگا ۔ تھین سین خود ایک سابق فوجی جنرل ہیں۔ حکام کی جانب سے فہرست رائے دہندگان کو بالکل پہلی مرتبہ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے تاکہ انتخابات کو آزادانہ اور منصفانہ بنایا جاسکے ۔ تھین سین نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اصلاحات کے مرکزی اقدام کے طور پر انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ تاہم میانمار کی حکومت نے لاکھوں نسلی روہنگیا مسلمانوں کو رائے دہی کا حق نہیں دیا ہے جبکہ دوسرے باغی طبقات کو کچھ علاقوں میں رائے دہی سے روکا گیا ہے ۔ مبصرین کو اندیشہ ہے کہ بے شمار رائے دہندوں کو خاص طور پر جو داخلی جلا وطن ورکرس کے علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں فہرست رائے دہندگان سے خارج کردیا گیا ہے ۔ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو مسلسل نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور گذشتہ عرصہ میں ان کا بدترین قتل عام کیا گیا تھا جس کی ساری دنیا میں مذمت کی گئی ۔

TOPPOPULARRECENT