Friday , September 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / میتھیوز قیادت سے مستعفی‘چنڈی مل اورتھرنگا نئے کپتان

میتھیوز قیادت سے مستعفی‘چنڈی مل اورتھرنگا نئے کپتان

کولمبو۔12جولائی (سیاست ڈاٹ کام)سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے زمبابوے کے خلاف ونڈے سیریز میں 2-3 کی شکست کے بعد تینوں طرز کرکٹ کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔ جس کے بعد بورڈ نے چنڈی مل کو ٹسٹ اور اوپل تھرنگا کو محدود اوورس کی کرکٹ کے لئے قائد بنایا ہے۔سری لنکا کی سرزمین پر کھیلی گئی پانچ میچوں کی ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔سری لنکا نے دوسرے میچ میں 7 وکٹوں اور تیسرے میچ میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم چوتھے میچ میں زمبابوے کی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت کامیاب قرار دیا گیا تھا۔سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں زمبابوے نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز بھی اپنے نام کرلی تھی۔ میتھیوز نے اس شکست کو اپنے کیریئر کی بدترین شکست قرار دیا اور ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قیادت سے سبکدوش ہوگئے ہیں۔میتھیوز نے 34 ٹسٹ، 98 ونڈے اور 12 ٹوئنٹی20 میچوں میں سری لنکائی ٹیم کی قیادت کی۔ ٹیم نے میتھیوز کی قیادت میں گزشتہ سال آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ٹسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے تاریخ رقم کی تھی جبکہ ٹیم نے ان کی قیادت میں 13 ٹسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی ۔خیال رہے کہ میتھیوز گزشتہ ایک برس کے دوران زخموں کا شکار رہے اور ان کی عدم موجودگی میں اپل تھرنگا نے ٹیم کی قیادت کی۔میتھیوز نے زمبابوے کے خلاف ٹیم کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے قیادت سے سبکدوشی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا وہ اپنے جانشین کے لئے راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں تاکہ ٹیم 2019 ورلڈ کپ کے لئے اپنی تیاریوں کو صحیح سمت گامزن کرسکے۔

TOPPOPULARRECENT