Monday , August 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / میتھیوز نے سنگاکارا کو یادگار جیت کا کریڈٹ دیا

میتھیوز نے سنگاکارا کو یادگار جیت کا کریڈٹ دیا

لندن ، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ چمپئن ہندوستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میچ میں شاندار جیت حاصل کرنے والی سری لنکا ئی ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوز نے اس کا کریڈٹ سابق وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا کو دیا ہے ۔ سری لنکا نے ہندوستان کو بے حد اہم میچ میں 7 وکٹ سے شکست دے کر ٹورنمنٹ میں اپنی توقعات کو برقرار رکھا ہے جبکہ ہندوستان کیلئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں ۔ ہندوستان اور سری لنکا کو اب سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنے آخری لیگ میچ جیتنے ہوں گے۔ سری لنکا کے کپتان میتھیوز نے کہا کہ سابق کپتان سنگاکارا کے ساتھ گزارا گیا متاثر کن نٹ سیشن کافی اہم رہا اور اسی کا نتیجہ رہا کہ کھلاڑیوں کے اندر نئی توانائی نظر آرہی ہے اور ٹیم شاندار فارم میں ہے ، جس کی وجہ سے ہی انڈیا کو شکست دی جاسکی۔سری لنکا کے سابق کپتان سنگاکارا اس وقت انگلینڈ میں سرے کیلئے کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور انہوں نے سری لنکا کی ٹیم کے ساتھ نٹ سیشن پر کچھ وقت گزارتے ہوئے انہیں اپنے کھیل کو بہتری کیلئے مفید مشورے دیئے تھے۔ ساتھ ہی ہندوستان کے ساتھ میچ سے پہلے سنگاکارا نے کہا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم کو میچ میں ’غرور‘ کے ساتھ اترنا ہوگا۔

میتھیوز نے کہا، ’’ہاں، وہ (سنگاکارا) کوشل مینڈس سے ملے تھے اور انہیں بلے بازی کے بارے میں بتایا تھا۔ وہ ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ہم نے ان کی باتوں کو بڑے غور سے سنا۔ انہوں نے ہمیں یہاں کے وکٹوں میں کھیلنے کے بارے میں اہم مشورے دیئے جو ہمارے لئے انتہائی مددگار ثابت ہوئے‘‘۔’سری لنکا کے اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ یہ ہمارے بہترین فتوحات میں سے ایک ہے ۔ ہمارے لئے یہ انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ ہم نے جس طرح سے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسے حاصل کیا۔ تمام بلے بازوں نے بے خوف ہوکر کھیل کا مظاہرہ کیا۔سری لنکائی ٹیم کا مظاہرہ گزشتہ کچھ عرصے سے غیر یقینی صورتحال سے پررہا ہے ۔ وہ ٹورنمنٹ میں خطاب کے دعویدار کے طور پر نہیں آئی تھی لیکن ٹیم نے جس طرح ہندوستان کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے دوسری ٹیموں کے درمیان ان کا قد ضرور بلند ہوا ہوگا۔میتھیوز نے اس بارے میں کہا کہ ہمارے لئے یہ معنی نہیں رکھتا کہ دوسری ٹیمیں ہمارے بارے میں کیا سوچتی ہیں۔ لوگوں نے نہیں سوچا تھا کہ ہم ہندوستان کے خلاف فتح حاصل کریں گے لیکن ٹیم نے جس طرح متحد ہوکر کھیلا وہ واقعی حوصلہ بڑھانے والا ہے ۔ تمام کھلاڑیوں نے یک جان ہوکر شاندار مظاہرہ کیا۔

کم از کم 20 رن فاضل بنانے چاہئے تھے :ویراٹ
لندن۔ 9جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے سری لنکا کے خلاف 321رن بنانے کے باوجودآئی سی سی چیمپئنس ٹرافی کا اہم مقابلہ ہارنے کے بعد کہا ہے کہ ٹیم کو اور زیادہ رنوں کی ضرورت تھی اور بورڈ پر کم از کم 20 رن فاضل بنانے چاہئے تھے ۔ہندستانی ٹیم نے گروپ بی کے میچ میں سری لنکا کے خلاف اچھی شروعات کرتے ہوئے مقررہ 50 اووروں میں چھ وکٹ پر 321رن بنائے تھے جس میں شکھردھون کی لاجواب سنچری (125) اور روہت شرما اور مہندر سنگھ دھونی کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔اس کے باوجود ٹیم انڈیا یہ میچ سات وکٹ سے گنوا بیٹھی۔ کپتان ویراٹ نے کہا کہ وہ اس شکست سے بہت غمزدہ ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ بلے بازوں کو بورڈ پر 20 رن زیادہ بنانے چاہئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ تو جیت نہیں سکتے لیکن بلے بازی کے حساب سے مجھے لگتا ہے کہ ہم نے بہتر کیا لیکن بورڈ پر اگر کچھ رن اور ہوتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ ہمیں اب آئندہ میچ میں کم از کم 20رنوں کا فاضل اسکور بنانا ہوگا کیونکہ ہم اگلا میچ اسی میدان پر کھیلیں گے ۔ حالانکہ بلے بازوں نے اس شکست کا ذمہ دار گیندبازوں کو نہیں ٹھہرایا جو میچ میں صرف تین ہی وکٹ حاصل کرسکے اور مخالف ٹیم آٹھ گیندیں باقی رہتے ہوئے میچ جیت گئی۔اس شکست کے بعد اب جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ’’کرو یا مرو ‘‘کی صورتحال کا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مذمت کرنے یا انہیں ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کی تعریف کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ‘‘۔ ملک کے سب سے امیر کھلاڑی ویراٹ نے کہا ، ’’میں نجی طور پر تو یہی سوچ رہا تھا کہ بورڈ پر ہم نے فتح کیلئے صحیح اسکور بنایا ہے ۔ لیکن اگر سری لنکا کے بلے باز اس طرح آکر کھیلیں گے تو آپ کو مخالف ٹیم کو ہی کریڈٹ دینا ہوگا‘‘۔ گزشتہ چمپئن ہندستان اگر یہ میچ جیت جاتا تو سیمی فائنل میں پہنچ جاتا لیکن اس شکست سے اب گروپ میں سبھی ٹیمیں برابری پر آ گئی ہیں اور اب جو بھی ہارا وہ باہر ہو جائے گا۔ ایسی صورت حال پر ویراٹ نے کہا: ’’ہاں، اب تو یہ بہت دلچسپ ہو گیا ہے۔ یہ ایک طرح سے کوارٹر فائنل بن گیا۔ ہمارے گروپ میں تو اب تمام ٹیموں کے پاس برابر پوائنٹس ہیں اور ہمیں ہر حال میں اگلا میچ جیتنا ہوگا۔‘‘

TOPPOPULARRECENT