Tuesday , October 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / میدک میں ڈبل بیڈ روم مکانات کا دسہرہ سے آغاز

میدک میں ڈبل بیڈ روم مکانات کا دسہرہ سے آغاز

سنگاریڈی میں عہدیداران کے اجلاس سے ریاستی وزیر ہریش راؤ کا خطاب

سنگاریڈی 16 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بینکرس کے عہدیداروں کا اجلاس جدید کلکٹریٹ سنگاریڈی میں ہریش راؤ ریاستی وزیر آبپاشی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں بینک منیجرس کے علاوہ ضلع کلکٹر رونالڈ راس، کے پربھاکر ریڈی ایم پی، ضلعی ایم ایل ایز چنتا پربھاکر، رام لنگا ریڈی، مدن ریڈی، ایم ایل سی راملو نائک موجود تھے۔ ہریش راؤ ریاستی وزیر آبپاشی نے بینک منیجرس سے کہاکہ وہ بینک کی جانب سے دیئے جانے والے قرض مقررہ نشانہ کے مطابق جلد از جلد جاری کردیں اور کسانوں کو منظور شدہ قرض کی رقم جاری کریں۔ اُنھوں نے یونی بینک کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ ڈی آر ڈی اے کے تحت انجام دیئے جانے والے اسکیمات کا جائزہ لیا۔ مختلف کاموں پر 186 کروڑ روپئے خرچ کئے جانا بتایا اور پولٹری اور دیگر اسکیمات کے لئے 200 کروڑ روپئے کی ضرورت بتائی گئی۔ ہریش راؤ ریاستی وزیر نے کہاکہ عہدیدار اور بینک منیجرس مل کر مقررہ نشانہ مکمل کریں اور بے روزگار نوجوانوں کو قرض کی اجرائی پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیراعظم اسکیم کے تحت فوت ہونے والے کسانوں کو انشورنس اسکیم کے مطابق رقم کی اجرائی عمل میں لائی جائے جس پر ایک بینک منیجر نے بتایا کہ انشورنس کے مطابق ایک کسان فوت ہوجانے پر ایک لاکھ روپئے کی رقم جاری کردی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر رونالڈ راس نے بینکرس اجلاس کے دوران بینک منیجرس کی حاضری لیتے ہوئے 15 غیر حاضر بینک منیجرس کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے لیڈ بینک منیجر نے کہاکہ میناریٹی کارپوریشن کی جانب سے دیئے جانے والے قرضوں کی اجرائی میں اکثر بینک کی جانب سے ڈپازٹ رقم جمع کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ بغیر کسی ڈپازٹ کے قرض کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ ہریش راؤ ریاستی وزیر نے محکمہ ہاؤزنگ اور دیگر عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیمات کا آغاز ضلع میدک کے تمام دس اسمبلی حلقوں میں ہوگا۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 4 ہزار مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ فوری طور پر اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ دسہرہ تہوار کے موقع پر مذکورہ اسکیم کا آغاز ہوگا۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت 760 لاکھ روپئے 1491 دلہنوں کی شادی کے لئے جاری کئے گئے۔

TOPPOPULARRECENT