Saturday , October 21 2017
Home / اضلاع کی خبریں / میدک ٹاؤن میں سڑک کشادگی کے کاموں کا ڈپٹی اسپیکرکا دورہ

میدک ٹاؤن میں سڑک کشادگی کے کاموں کا ڈپٹی اسپیکرکا دورہ

متاثرین کو ڈبل بیڈ روم مکان دیاجائے گا۔ تعاون کرنے والوں سے اظہار تشکر

میدک ۔ /11اکٹوبر ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے صدر نشین بلدیہ میدک مسٹر اے ملکارجن گوڑ کے ہمراہ میدک ٹاؤن کے قدیم علاقہ بڑابازار سڑک کی کشادگی کے کاموں کا پیدل دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا۔ انہوں نے جیلانی گڈہ، نواب پیٹ، بڑابازار کے علاقے میں سڑک کی توسیع کے کاموں کے معائنہ کے دوران متاثرہ ملگی اونرس اور مکینوں سے تفصیلی بات چیت کی۔ بعض متاثرہ افراد نے اس دوران پدما دیویندر ریڈی سے بات چیت کے دوران اپنی جائیداد کے انہدام پر اشک بار ہوتے دیکھے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل نقصان اٹھانے والے مکینوں کو اور 50 فیصد سے زائد متاثر ہونے والے افراد کو میدک کے پلی کوٹیال میں تعمیر کئے جانے والوں کو ڈبل بیڈ روم مکان الاٹ کیا جائے گا اور اس طرح شاپس کے مالکین کو ڈبل بیڈ روم سائٹ پر تعمیر شدہ شاپنگ کامپلکس میں ملگی بھی الاٹ کی جائے گی۔ انہوں نے سڑک کی توسیع کیلئے آگے آنے والوں سے اظہار تشکر کیا۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ انہدامی کارروائیوں میں جامع مسجد کی گیٹ ( باب الداخلہ ) اور اس کی ملکیت شاپنگ کامپلکس کو چھوڑ دیا جارہا ہے اور سڑک کی توسیع کے دوران اس سڑک پر واقع بڑی درگاہ کی باؤنڈری وال کو منہدم کرتے ہوئے اس کو دوبارہ اندرونی جانب از سر نو تعمیر کردیا جائے گا۔ اس خصوص میں مقامی ذی اثر حضرات سے اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چیرمین بلدیہ مسٹر ملکارجن گور نے بھی اردو صحافیوں کے بشمول اس علاقہ کے ذی اثر حضرات سے بھی بات چیت کی تھی۔ قبل ازیں پدما دیویندر ریڈی نے محکمہ آبپاشی کے انجینئرس کے ساتھ میدک میں پٹلم تالاب اور گوئندر تالاب پر جاری منی ٹینک بنڈ کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جنوری تک منی ٹینک بنڈ کے کاموں کی تکمیل ہوگی۔ اس موقع پر مہتمم آبپاشی مسٹر ایسا، کمشنر بلدیہ پرساد راؤ، انجینئر بلدیہ مسٹر چرنجیوی، نائب صدرنشین بلدیہ مسٹر راگی اشوک، رکن ضلع پریشد لاوانیا ریڈی، ٹاؤن پلاننگ آفسیر شریمتی سری دیوی، بلدی کونسلرس مسرز آر کے سرینواس، سید صادق، پارٹی قائد مسٹر لنگا ریڈی بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT