Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / میدک ٹاؤن کو عنقریب ضلع ہیڈ کوارٹر کا درجہ

میدک ٹاؤن کو عنقریب ضلع ہیڈ کوارٹر کا درجہ

میدک۔6نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر ٹی ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے کہا کہ بہت جلد میدک ٹاؤن کو ضلع ہیڈ کوارٹر کا درجہ عطا کیا جائے گا ۔ اس خصوص میں حکومت اور عہدیداروں کے ساتھ مشاورت جاری ہے ۔ اس طرح میدک ٹاؤن عنقریب میں ریلوے لائن سے مربوط ہوجائے گا ۔ مسٹر ہریش راؤ میدک کے دفتر آر ڈی او میں ریلوے لائن پراجکٹ کی تعمیر میں اراضیات کھونے والے متاثرہ کسانوں اور دیگر زمینات کے مالکین میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ چیکس کی تقسیم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ ہریش راؤ نے اس موقع پر 404 متاثرہ کسانوں میں 11کروڑ 80لاکھ کے چیکس تقسیم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا یہ کارنامہ ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس لئے کہ کبھی بھی پراجکٹس کی تعمیر میں زد میں آنے والی اراض؁ات کھونے والوں کو اڈوانس چیکس تقسیم نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگور پراجکٹ کی تعمیر میں زیر آب آنے والی اراضیات کے مالکین کے ساتھ آج تک انصاف نہیں ہوا ۔ تمام متاثرہ افراد تاحال عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے دوران تقریر ایم ایل اے میدک پدما دیویندر ریڈی کی خوب ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ میدک کو ضلع ہیڈ کوارٹر بنانے کیلئے پدما دیویندر ریڈی ریاستی وزیر اعلیٰ سے بارہا نمائندگی کرتی آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میدک کو ریلوے لائن سے مربوط کرنے کے دوران اکناپیٹ ‘ تونیلگڈلہ ‘ لکشما پور ‘ شمناپور ‘ اوسل پلی ‘ گنتاپور ‘ یاتور اور میدک کی اراضیات حاصل کی گئی ہیں ۔ انجہوں نے کہا کہ میدک ٹاؤن کی مین شاہراہ کی تعمیر جنگی خطوط پر جاری ہے ۔ آئندہ سال مارچ تک اس سڑک کی تعمیر ہوجائے گی ۔ حکومت نے اس کام کیلئے 30کروڑ روپئے جاری کئے ہیں ۔ قبل ازیں وزیر موصوف نے میدک کے حویلی گھن پور ایکس وے سے برائے ڈائٹ کالج اورنگ آباد ایکس وے تک سڑک کی کشادگی کیلئے سنگ بنیاد رکھا ‘ جس کیلئے 3کروڑ 50لاکھ صرف ہوں گے ۔ اسی طرح ہریش راؤ نے میدک منڈل منتائی کٹہ پر محبوب نہر کے سمنٹ لائنگ کاموں کے آغاز کیلئے سنگ بنیاد رکھا جس کیلئے 22کروڑ روپئے صرف ہوں گے ۔ پدما دیویندر ریڈی کی نمائندگی پر ہریش راؤ نے میدک میں ’’ گڑ‘‘ کی خریدی کا مرکز قائم کرنے کا وعدہ کیا ۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک کو پینے اور زرعی مقاصد کیلئے گوداوری سے پانی سربراہ کیا جائے گای جس کیلئے گجویل یا سدی پیٹ پر واٹر ریزروائر قائم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹر میدک مسٹر وینکٹ رام ریڈی ‘ آر ڈی او ناگیش ‘ چیرمین بلدیہ مسٹر ملکارجن گوڑ ‘ وائس چیرمین اشوک سب رجسٹرار اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن جناب محمد غوث بابا بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT