Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / میرواعظ کی نظر بندی ختم جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا

میرواعظ کی نظر بندی ختم جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا

سری نگر ، 18اگست (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کے روز حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق کی گھر پر نظر بندی قریب دو ماہ بعد ختم کردی۔ نظربندی ختم کئے جانے کے فوراً بعد میرواعظ پائین شہر کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد پہنچے جہاں انہوں نے اپنامعمول کا خطبہ دیا۔ حریت کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ میرواعظ کو آج 57 دنوں بعد نظربندی سے رہا کیا گیا۔ وہ فوراً جامع مسجد پہنچے اور نماز جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ جامع مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لئے آئے ہوئے لوگ میرواعظ کو مسجد میں دیکھ کر خوش نظر آئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ نوہٹہ میں ایک بار پھر سیکورٹی فورسز کی بھاری جمعیت تعینات کر رکھی گئی تھی، تاہم جامع مارکیٹ کو فورسز کی تعیناتی سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔

 

پلوامہ میں ہڑتال جاری ، ریل خدمات بدستور معطل
سری نگر ، 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) لشکر طیبہ کے ضلع کمانڈر ایوب للہاری کی 16 اگست کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک مختصر مسلح تصادم میں ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بعض حصوں میں جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ سول و پولیس انتظامیہ نے ایوب للہاری کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر چلنے والی تمام ٹرینیں آج مسلسل دوسرے دن بھی منسوخ کرائیں۔ جنوبی کشمیر میں ریل خدمات 16 اگست کو چار دنوں کی معطلی کے بعد بحال کی گئی تھیں۔

TOPPOPULARRECENT